جیسی رائیڈر نے رواں برس مارچ میں امدادی باکسنگ مقابلے میں حصہ لینے کا اعلان کردیا

منگل 27 جنوری 2015 12:56

جیسی رائیڈر نے رواں برس مارچ میں امدادی باکسنگ مقابلے میں حصہ لینے ..

ویلنگٹن( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء ) نیوزی لینڈ کے اوپننگ بیٹسمین جیسی رائیڈر کا کیریئر رنگین لیکن تنازعات سے بھرپور رہا ہے۔ انہوں نے رواں برس مارچ میں امدادی باکسنگ مقابلے میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے لیکن مقامی نیورو سرجن نے انہیں خبردار کیا ہے کہ ایسا کرنا ان کی زندگی کیلیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔پروگرام کے مطابق رائیڈر کو کرائسٹ چرچ میں 28 مارچ کو سپر ایٹ ایونٹ کی کروزویٹ کیٹگری فائٹ میں کیمرون سلیٹر نامی حریف سے مقابلہ کرنا ہے۔

ٹورنامنٹ کی آمدنی چیریٹی میں استعمال کی جائے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 28 سالہ رائیڈر دوبرس قبل کرائسٹ چرچ میں بار کے باہر جھگڑے میں شدید زخمی ہوگئے تھے، انہیں سر پر سنگین نوعیت کی چوٹ آئی تھی، اور کھوپڑی فریکچر ہوگئی تھی، انہیں 56 گھنٹے کوما میں رکھا گیا تھا۔ البتہ علاج کے بعد وہ زندگی کی جانب لوٹ آئے او رکرکٹ کیریئر بھی شروع کرچکے ہیں لیکن انہیں کیویز ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ رائیڈر کا دماغ پہلے ہی متاثر ہوچکا ہے اب انہیں کوئی اور چوٹ لگی تو وہ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ فی الحال میں بالکل ٹھیک اور اس معاملے میں پریشان نہیں تاہم ایک بار پھر معالج سے رجوع کرلینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔