کر کٹ کے قو می ہیروز اور ممتاز فنکاروں کے درمیان ٹی 20 میچ سے شہر میں امن کو فروغ دینے میں مدد ملے گی،کمشنر کراچی

منگل 27 جنوری 2015 13:51

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ کر کٹ کے قو می ہیروز اور ممتاز فنکاروں کے درمیان T20 میچ سے شہر میں امن کو فروغ دینے کی کوششوں میں مدد ملے گی ۔ اور دنیا میں کراچی کے با رے میں مثبت امیج قائم ہوگا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے مربوط انتظامات کئے جائیں گے اور سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔

وہ اپنے دفتر میں پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد نے کمشنر کو ٹی 20میچ کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتا یا کہ ٹی 20میچ کو سلام پاکستان کے نام سے کیا جا رہا ہے ۔ جبکہ میچ کا موضوع پاکستان ایک متحد قوم ہے ۔جو 31 جنوری کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ کرکٹرز سائڈ کے کپتان شعیب ملک ہوں گے جبکہ فنکاروں کی ٹیم کے کپتان علی ظفر ہوں گے۔

(جاری ہے)

کر کٹ کے جو قومی ہیروز ٹیم میں شامل ہیں ان میں فواد عالم، معین خان، یونس خان، کامران اکمل، راشد لطیف، ثقلین مشتاق اور انضمام الحق شامل ہیں۔توقع ہے کہ جاوید میاں داد بھی شامل ہوں گے۔فنکاروں کی ٹیم میں ڈاکٹر عامر لیاقت، سعود قاسمی، فواد خان، علی سفیان، فہد مصطفی، فخر عالم اور دیگر شامل ہیں۔میچ پاکستان ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جا ئے گا۔وفد میں فاؤنڈیشن کی چیئر پرسن دردانہ شہاب اور صدر ساجد حسن بھی مو جو د تھے۔