بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ علاقے میں ہڑتال بھارت کے خلاف ریفرنڈم ہے ‘ شبیر شاہ

منگل 27 جنوری 2015 14:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) مقبوضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنما اور جموں وکشمیرڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چےئرمین شبیر احمد شاہ نے بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پرمکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کرنے پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مواقع پر موثر عوامی ردعمل بھارتی رہنماؤں کیلئے چشم کشا ہے۔ سرینگر سے جاری ایک بیان میں شبیراحمد شاہ نے عوامی احتجاج اور ہڑتال کو بھارت کے خلاف ایک ریفرنڈم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بندوق اور 8لاکھ فوجیوں کے سائے میں یوم جمہوریہ کی تقریبات منعقد کرناکوئی اہمیت نہیں رکھتا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ساری وادی کشمیرکو ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کیا گیا تھا اور شہریوں باالخصوص مریضوں کو طبی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

شبیراحمد شاہ نے مقبوضہ علاقے میں قابض انتظامیہ کی طرف سے عائد کی گئی سخت پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے کو ایک جیل میں تبدیل کرکے یوم جمہوریہ منانا کوئی معنی نہیں رکھتا ۔

انہوں نے کہا کہ اس سے واضح ہوگیا کہ کشمیری عوام پر ظلم و جبرکے باوجود بھارت ان کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کر سکا ہے۔ شبیراحمد شاہ نے سانحہ کپوارہ کے شہداء کو ان کی 21ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 27جنوری 1994کو بھارتی فوجیوں نے کپوارہ میں 27معصوم شہریوں کو صرف اس لیے شہید کردیا تھا کہ کپوارہ کے لوگوں نے ایک دن قبل 26جنوری کو احتجاج کے طور اپنی دکانیں بند رکھی تھیں اور احتجاج کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر کے باوجودجدوجہدآزادی کو جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :