ورلڈ کپ 2015ء گرین شرٹس کی تیاریوں کا پول وارم اپ میچز میں ہی کھل گیا

منگل 27 جنوری 2015 14:05

ورلڈ کپ 2015ء گرین شرٹس کی تیاریوں کا پول وارم اپ میچز میں ہی کھل گیا

لنکون( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء ) ورلڈ کپ 2015ء کی تیاریاں کا پول وارم اپ میچز میں ہی کھل گیا ، دوسرے وارم اپ میچ میں بھی شکست ، نیوزی لینڈ پریزیڈنٹ الیون نے پاکستان کو ایک وکٹ سے ہرا دیا ، ٹیم کی مایوس کن کارکردگی نے ٹیم مینجمنٹ ، سلیکشن کمیٹی اور کوچز پر سوالیہ نشان لگا دیئے ۔ لنکون میں کھیلے گئے دوسرے وارم اپ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے268رنز کا ہدف دیا ، جو کیوی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

کپتان مصباح الحق 88 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔بریٹ سٹ کلف اوول میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا ،اوپنر محمد حفیظ 18 ،سرفراز احمد صفر، یونس خان7 اور حارث سہیل صرف6 رنز بناسکے۔صہیب مقصود 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

چھٹی وکٹ پر مصباح الحق اور عمر اکمل نے116 رنز کا اضافہ کیا ،عمر اکمل77 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ،مصباح الحق نے ناقابل شکست 88 رنز بنائے۔

پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں پر 267 رنز اسکور کئے ، نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمسن نے 49رنز دیکر 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نوٹال، احسان عادل اور جونسٹن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔268رنز کا ہدف نیوزی لینڈ پریزڈنٹ الیون نے 9 وکٹوں کے نقصا ن پر حاصل کرلیا پولارڈ کے شاندار 153رنز کی میچ وننگ اننگز ،ہک 29اور کپتان اسٹل نے بھی 29رنز بنائے جبکہ وین بیک نے 14 اور جونسٹن نے 11رنز بنائے ۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 39رنز دیکر 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بلاول بھٹی نے 42رنز دیکر 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی سہیل خان نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔