بھارت کی اسلحہ کی دوڑ کی خواہش سے خطے میں طاقت کا عدم توازن پیدا ہو گا ‘ ہمیں شدید تحفظات ہیں ‘طارق فاطمی

منگل 27 جنوری 2015 14:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) وزیراعظم کے مشیر برائے بین الاقوامی امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ بھارت کی اسلحہ کی دوڑ کی خواہش سے خطے میں طاقت کا عدم توازن پیدا ہو گا ‘ ہمیں شدید تحفظات ہیں ‘عالمی برادری بھارت پر بین الاقوامی قوانین پر عملدرآمد کیلئے دباؤ ڈالے ، پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی خرابی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے پورے خطے کی تقدیر بدل جائے گی۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکا کو بتا دیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، ہم بھارت سمیت تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر جارحیت کر رہا ہے۔ پاکستان بھارت سے تمام حل طلب معاملات پر مذاکرات کیلئے تیار ہے تاہم بھارت کے جارحانہ رویئے پر تحفظات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے دھرنوں سے چین سمیت چار دوست ملکوں کے صدور کے دورے ملتوی ہوئے، جس سے ملکی مفادات کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور بھارت کے درمیان سول نیوکلیئر ڈیل سے خطے میں طاقت کے عدم توازن کے پیدا ہونے کا خطرہ ہے، جس پر ہمیں شدید تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قوتیں بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کیلئے بھارت پر ڈباؤ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل میں اصلاحات کا حامی ہے، سلامتی کونسل کو زیادہ بااختیار اور نمائندہ بنانے کی ضرورت ہے تاہم بھارت کے سلامتی کونسل کے مستقل ممبر بننے سے کسی ایشیائی یا افریقی ملک کی نمائندگی نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پر بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی خرابی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے، کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی آزمودہ ہے۔ چین پاکستان میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کر رہا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے پورے خطے کی تقدیر بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔ دونوں ملک باہمی اعتماد سازی کیلئے ہر سطح پر اقدامات کر رہے ہیں۔ پاکستان اور افغانستان خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

متعلقہ عنوان :