امریکہ مسئلہ کشمیر بارے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے کردار ادا کرے، محمد طاہر کھوکھر

منگل 27 جنوری 2015 14:12

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ، جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہرکھوکھر نے کہاہے کہ امریکہ مسئلہ کشمیر بارے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے کردار ادا کرے، بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ میں امریکی صدر کی لاؤ لشکر سمیت شرکت کشمیری قوم کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ، ایک جانب پوری کشمیری قوم نے یوم سیاہ منایا جبکہ دوسری جانب نام نہام جمہوریت کا علمبردار امریکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے والے اور انسانی حقوق کے قاتل بھارت کے یوم جمہوریہ میں شرکت کر کے دنیا کو پیغام دے رہا ہے کہ امریکہ کو صرف اپنے مفادات عزیز ہیں اس کی نظر میں ا نسانی حقوق اور رائے عامہ کی کوئی حیثیت نہیں ہے ،امریکہ کا یہ رویہ عالمی امن کیلئے بڑاخطرہ اور امت مسلمہ سمیت پسماندہ اور ترقی پذیر ممالک میں احساس محرومی پیدا کررہا ہے۔

(جاری ہے)

مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر طاہرکھوکھر نے کہاکہ بھارت نے نام نہاد یوم جمہوریہ کے موقع پر آزادکشمیر ، مقبوضہ کشمیر او ر دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم سیاہ منا کر یہ ثابت کردیا ہے کہ انہیں بھارت کے ساتھ رہنا کسی قیمت پر بھی قبول نہیں اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کی رائے کااحترام کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں کئے جانے والے اپنے وعدوں کی پاسداری کرے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیاجائے تاکہ وہ اپنی مرضی سے اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرسکیں۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ کے دوغلے رویہ سے کشمیری عوام کی دل آزاری ہوئی امریکہ کی انتظامیہ اور عوام کو یہ خیال رکھنا چاہیے کہ کشمیری پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور ایک نصف صدی سے اپنے حق خودارادیت کیلئے پرامن جدوجہد کررہے ہیں جس کے جواب میں ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی آٹھ لاکھ سے زائد فوج اتار رکھی ہے جو آئے روز انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہی ہے ۔

ہزاروں نوجوانوں کو حق خودارادیت مانگنے کی پاداش میں شہید کردیاگیاہے ، ہزاروں کو معذورکردیاگیا ہے اور ہزاروں لاپتہ ہیں بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کو عقوبت خانے میں تبدیل کردیا ہے ان حالات میں امریکہ سمیت یورپی یونین کو بھارت کو تھپکی دینے کے بجائے کشمیری عوام کی حوصلہ افزائی کرناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اور یورپی یونین کے عالمی تنازعات کے حل کیلئے جانبدارانہ کردا رکے بعد اب یہ ضروری ہو گیا ہے کہ مسلم دنیا کے قائدین ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں اور مسلمانوں کے حقوق کیلئے متفقہ آواز بلند کریں اگر مسلم دنیا متحد ہو جائے توامت مسلمہ کی ایک انچ زمین کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی کسی کو جرات تک نہ ہو، اس لئے مسلم دنیا کے قائدین ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر مسلمانوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کریں انہوں نے کہا کہ اگر مسلم دنیابھارت کامعاشی بائیکاٹ کردے تو چند ماہ میں بھارت گھٹنے ٹیک دے گا۔

طاہرکھوکھر نے کہاکہ آج پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے ، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب بھارت کومقبوضہ کشمیر سے اپنی فوجیں نکالنے پر مجبور ہونا پڑے گا اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہو گا۔