مصری حکومت غزہ کی پٹی میں جنگ بندی معاہدے کی توسیع کیلئے اسرائیل سے دوبارہ رابطہ کرے، حماس

منگل 27 جنوری 2015 14:28

غزہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) حماس رہنماء اسامہ حمدان نے کہا ہے کہ مصری حکومت سے متعدد بار غزہ کی پٹی میں جنگ بندی معاہدے کی توسیع کیلئے اسرائیل سے دوبارہ رابطے شروع کرنے کا کہا ہے۔ ایک انٹرویو میں اسامہ حمدان نے کہا کہ اسرائیل کیساتھ مصر کی ثالثی کے تحت طے پائے جنگ بندی معاہدے میں غزہ کی تمام گزرگاہیں کھولنے اور جنگ سے تباہ حال علاقوں کی فوری تعمیر نو کیلئے ہرممکن سہولیات کی فراہمی پر اتفاق ہوا تھا مگر اس کے باوجود نہ تو غزہ کی راہداریاں کھولی گئی ہیں اور نہ ہی تعمیر نو کا کام شروع کیا گیا ہے۔

اسامہ حمدان نے فلسطینی قومی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مخلوط قومی حکومت عوام کی امنگوں کی ترجمانی نہیں کرسکی، عوام کے مسائل بالخصوص غزہ کی پٹی میں انسانی بحران کو ختم کرنے میں قومی حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں کسی فرد واحد کی اجارہ داری قبول نہیں کی جائیگی۔ فلسطینی قومی حکومت صدر محمود عباس کے ہاتھ کی چھڑی بن کر رہ گئی ہے جو خود سے کوئی فیصلہ کرنے میں خود مختار نہیں بلکہ صدر عباس کی ڈکٹیشن پر چلتی ہے۔ تحریک فتح کی صفوں میں پائے جانیوالے اختلافات کے بارے میں اسامہ حمدان نے کہا کہ فتح میں اختلافات جماعت کا اندرونی معاملہ ہے۔ حماس کا اس کیساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :