مصری عدالت نے حماس کو دہشت گرد قرا ر دینے سے انکار کردیا، حماس کا خیرمقدم

منگل 27 جنوری 2015 14:29

غزہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) حماس نے مصری عدالت کی جانب سے تنظیم کو دہشت گرد قرار دینے سے انکار کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصری عدالت نے مبنی برحق رائے دی ہے ۔اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ایک مصری عدالت نے حماس کو دہشت گرد قرار دینے کیلئے دائر درخواست یہ کہہ کر خارج کردی کہ عدالت اس نوعیت کے کیسز کو ڈیل کرنے اور ان پر فیصلے کرنے کی مجاز نہیں ہے اور یہ عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں۔

درخواست گزار کی جانب سے حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ درایں اثناء غزہ میں حماس کے مرکزی رہنماء اسماعیل رضوان نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حماس مصری عدالت کے فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاہرہ کی ایک عدالت جس میں فوری نوعیت کے کیسز کی سماعت کی جاتی ہے نے اپنے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ اس کے پاس حماس کو دہشت گرد قرار دینے کا اختیار نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اسماعیل رضوان نے کہا کہ مصری عدالت کے فیصلے کے بعد یہ ثابت ہوگیا ہے کہ حماس کیخلاف مصری میڈیا میں جاری ٹرائل بے بنیاد ہے ،جماعت پر عائد الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے اب مصری میڈیا کو اپنا قبلہ درست کرلینا چاہئے۔ ڈاکٹر اسماعیل رضوان نے کہا کہ حماس مصر سمیت کسی بھی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی نہیں کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :