آئی ٹی اسسٹنٹ کی بھرتی کیلئے ٹیسٹ دوبارہ لئے جائیں گے، ترجمان سینٹ سیکرٹریٹ

منگل 27 جنوری 2015 14:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء)سینٹ سیکرٹریٹ کے ترجمان نے کہاہے کہ آئی ٹی اسسٹنٹ کی بھرتی کیلئے ٹیسٹ دوبارہ لئے جائیں گے یہ اطلاعات غلط ہیں کہ سینیٹ سیکرٹریٹ کی ٹیلی فون آپریٹر کو امتحان سے قبل حل شدہ پرچہ فراہم کیاگیا ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ آئی ٹی اسسٹنٹ کی بھرتی کیلئے ہونے والے امتحان میں متعلقہ خاتون اُمیدوار کو نقل کرتے ہوئے پایا گیا جس کی باقاعدہ اطلاع ہونے پر سینیٹ سیکرٹریٹ نے نہ صرف اُس اُمیدوار کو نااہل قرار دے دیا بلکہ سارا ٹیسٹ دوبارہ لینے کا فوری فیصلہ کیا ۔

یہ سار ے فیصلے اور احکامات ٹیسٹ سے اگلے دن ہی کر لئے گئے تھے ۔یہاں یہ بات واضح رہے کہ آئی ٹی اسسٹنٹ کیلئے ہونے والے ٹیسٹ اب دوبارہ لئے جائیں گے اور شفاف انداز میں اس عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا ۔ترجمان نے کہا کہ مثبت صحافت کا تقاضا ہے کہ جہاں غلطی کی نشاندہی یاتشہیر کی جائے وہاں حکام کی طرف سے فوری نوٹس اور اقدامات کے بارے میں بھی معلومات حاصل اور شائع کی جائیں۔