شرح سود میں کمی کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا‘ افتخار بشیر

منگل 27 جنوری 2015 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر سابق ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرآف کامرس نے اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے نئی مانیٹرنگ پالیسی میں شرح سود میں ایک فیصد کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس میں مزید کمی کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شرح سود میں کمی کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو نئی صنعتوں کے قیام اور اپنے کاروبار کو وسعت دینے کیلئے سستے قرضوں کی اشدضرورت ہوتی ہے مارک اپ کی شرح میں کمی کے باعث ان کی مالی مشکلات میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی ۔افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ مارک اپ میں کمی کے باعث نئی صنعتوں کے قیام سے ملک میں بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا اور حکومت کو بھی خاطر خواہ ریونیو حاصل ہوگاجس سے مالی بحران کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔