سندھ ہائی کورٹ نے بچوں کی گمشدگی سے متعلق دائر درخواست پر حکومت سندھ اور دیگر فریقین سے رپورٹ طلب کرلی

منگل 27 جنوری 2015 17:30

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) سندھ ہائی کورٹ نے صوبے کے مختلف شہروں سے بچوں کی گمشدگی سے متعلق دائر درخواست پر حکومت سندھ ،آئی جی سندھ اور دیگر فریقین سے رپورٹ طلب کرلی ۔کیس کی سماعت چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مقبول باقر اور جسٹس ظفر احمد راجپوت پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔درخواست گذار روشنی ویلفیئر آرگنائزیشن کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ صوبے میں ہر سال چار سے پانچ ہزار بچے لاپتہ ہوجاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

لاپتہ ہونے والے بچوں میں سے صرف تین ہزار بچوں کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کی جاتی ہیں ۔پولیس گمشدہ بچوں کی ایف آئی آر کاٹنے سے گریز کرتی ہے اور معاملات کو طول دیتی ہے ۔آج تک صوبے سے لاپتہ ہونے والوں بچوں کا ڈیٹا مرتب نہیں کیاگیا ۔رواں سال صوبے کے مختلف شہروں سے 16بچے لاپتہ ہوجاتے ہیں اور ان کی گمشدگی کی رپورٹ بھی درج نہیں کی گئی ۔عدالت سے استدعا ہے کہ پولیس کو پابند کیا جائے لاپتہ ہونے والے بچوں کا ڈیٹا ہفتہ وار ،ماہانہ اور سالانہ بنیاد پر مرتب کرکے عدالت میں رپورٹ پیش کرے ۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17فروری تک جواب طلب کرلیا ۔

متعلقہ عنوان :