اسلامی یونیورسٹی ،برونائی کی قائمقام ہائی کمشنر کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات

منگل 27 جنوری 2015 17:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء)برونائی دارالسلام کی قائمقام ہائی کمشنر حصمہ عباس نے ڈائریکٹر جنرل بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد گلزار احمد خواجہ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کے روز ڈی جی جامعہ کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں دونوں عہدیداروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اسلامی یونیورسٹی اور برونائی کے تعلیمی اداروں کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اقدامات شروع کیے جائیں گے۔

دوران ملاقات قائمقام ہائی کمشنر نے مہمان نوازی پر ڈی جی جامعہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں جلد ہی برونائی کی اسلام سلطان شریف علی یونیورسٹی کے طلباء کا ایک وفد اسلامی یونیورسٹی کا دورہ کرے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گلزار احمد خواجہ نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی کے دروازے پوری دنیا کی جامعات کے ساتھ تعاون کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور جامعہ برونائی کے طلباء کے وفد کو خوش آمدید کہتی ہے جبکہ جامعہ اور برونائی تعلیمی اداروں کے مابین وفود کے تبادلوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔

انہوں نے قائمقام ہائی کمشنر کو اسلامی یونیورسٹی ، اس کی کلیات ، اکیڈمیز اور اداروں کے حوالے سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ دوران ملاقات دونوں عہدیداروں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے جامعہ کی شریعہ اکیڈمی سے استفادہ کیا جائے گا کیونکہ وہ قانون سے وابستہ ، پیشہ ور افراد کیلئے جامع کورسز کا انعقاد کرتی رہتی ہے ، ملاقا ت کے آخر میں قائمقام ہائی کمشنر کو ڈی جی جامعہ کی طرف سے اسلامی یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈ اور مطبوعات پیش کی گئیں۔