ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی طرز پر ٹینس لانچ کرد ی گئی ،ٹینس کے ٹی ٹوئنٹی مقابلے کو ’فاسٹ فور ٹینس‘ کا نام دیا گیا ، قوانین بھی بنائے گئے ،عام ٹینس مقابلے میں ایک سیٹ چھ گیمز پر مشتمل ہوتا ہے ، جدید ٹینس مقابلے میں ایک سیٹ میں چار گیمز ہوں گے ،رپورٹ

منگل 27 جنوری 2015 19:57

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27جنوری۔2015ء) ٹی ٹوئنٹی کرکٹ نے کم وقت میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ تفریح فراہم کر کے دنیا بھر میں انتہائی تیزی سے مقبولیت حاصل کی اور اس کی دن بدن بڑھتی مقبولیت سے متاثر ہو کر ٹینس کے حکام نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی طرز پر ٹی ٹوئنٹی ٹینس لانچ کردی ۔ٹینس کے ٹی ٹوئنٹی مقابلے کو ’فاسٹ فور ٹینس‘ کا نام دیا گیا جس کے لیے نسبتاً مختلف قوانین بھی بنائے گئے ہیں۔

عام ٹینس مقابلے میں ایک سیٹ چھ گیمز پر مشتمل ہوتا ہے لیکن جدید ٹینس مقابلے میں ایک سیٹ میں چار گیمز ہوں گے دیگر قوانین کے مطابق اب کوئی لیٹس نہیں ہوں گے ، ٹائی بریکر بھی تین تین پوائنٹس پر ہو جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ کوئی ایڈوانٹیج پوائنٹ بھی نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

کھیل کا فارمیٹ کچھ ایسا بنایا گیا ہے جس کا مقصد کھیل کو ایک گھنٹے میں ختم کرنا ہے تاکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی طرح کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ تفریح فراہم کی جا سکے۔

کھیل کی یہ نئی طرز ٹینس آسٹریلیا کی ایجاد ہے جس نے تین سال کی کڑی محنت سے اس کے قوانین تیار کرنے کے بعد جنوری میں سڈنی اور میلبورن میں اسکے مقابلوں کا انعقاد کرایا۔فیڈرر نے فاسٹ فور کے اپنے پہلے نمائشی میچ میں 4-3، 2-4، 3-4، 4-0 اور 4-2 سے فتح اپنے نام کی۔ٹینس آسٹریلیا کے ڈائریکٹر آف پارٹی سپیشن کریگ مورس نے کہا کہ اس فارمیٹ کو بنانے کا مقصد یہ ہے کہ لوگ ٹینس کیلئے وقت نکال سکیں اور ہم زیادہ سے زیادہ نئے لوگوں کو اس کھیل کی جانب متوجہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اس کو روایتی ٹینس کی جگہ دینا نہیں بلکہ یہ ایک ایسی چیز ہے جو لوگوں کو مزید تفریح فراہم کرنے کا سبب بنے گی۔فیڈرر نے اس کو ٹینس میں جدت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کھیل کے مستقبل کیلئے خوش آئند ہے اور اس کی بدولت اپنے بچوں کو اس کھیل میں کی طرف متوجہ کرنے میں بہت مدد ملے گی۔اس کے علاوہ ٹینس کی دنیا کے ایک اور مشہور کھلاڑی رافیل نڈال نے بھی اس کھیل کو ترقی دینے کے لیے تین نمائشی میچوں میں حصہ لیا اور تینوں میں کامیابی حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :