پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا ناپاک وجود مٹا کر تاریخ کا دھارا بدلیں گے‘ شہباز شریف ، یہ وقت دہشت گردی کیخلاف موثر اقدامات کا ہے ، پنجاب میں قانون سازی کرکے سزائیں سخت کی گئی ہیں،صوبے میں قوانین پر سختی کے ساتھ موثر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کو نکیل ڈالی جا رہی ہے، ملک کومشکل چیلنج درپیش ہے، انشاء اللہ دہشتگردی کے خاتمے سے پاکستان میں نئی تاریخ رقم ہوگی‘ وزیر اعلیٰ پنجاب کی عہدیداران سے گفتگو

منگل 27 جنوری 2015 20:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27جنوری۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کے خون کے طفیل پوری قوم دہشت گردی کے خلاف یک جان دو قالب ہے، پاکستان کی تاریخ میں اتحاد، اتفاق اور یگانگت کا ایسا مثالی مظاہرہ پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا، ہمیں اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھا کر دہشت گردی کے عفریت کو ہمیشہ کیلئے شکست فاش دینا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بہادر افواج کے افسران، جوانوں، پولیس حکام ، اہلکاروں اور عام شہریوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 50 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی قربانیوں کی اقوام عالم میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے مری میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفد اور لاہور میں منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشاور میں معصوم بچوں کو بد ترین بربریت کا نشانہ بنایا گیا۔عصر حاضر کی تاریخ میں ایسی درندگی اور بربریت کی مثال نہیں ملتی۔ سانحہ پشاو رپر آج بھی پورا پاکستان اشکبارہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے معیشت کو تباہ کیاہے اور ملک کی بنیادوں کو ہلایا ہے ۔

سیاسی و عسکری لیڈرشپ نے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے متفقہ طو رپر نیشنل ایکشن پلان بنایا ہے جس پر موثر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تاریخ کا سب سے مشکل چیلنج درپیش ہے ۔تاریخ نے اتحاد اور اتفاق کا نادر موقع دیاہے ۔ تمام تر توانائیوں، اجتماعی بصیرت اور مشترکہ حکمت عملی سے سفاک درندوں کا خاتمہ کریں گے،کوئی دہشت گرد اچھا یا برا نہیں، تمام کے تمام برے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن کا براہ راست تعلق تعلیم، صحت، انصاف اور سماجی و معاشی اقدامات سے جڑا ہوا ہے جبکہ دہشت گردی کے خلاف فکر ی اور نظریاتی جنگ بھی لڑنا ہے اور معاشرے کے ہر طبقے کو پاکستان بچانے کی جنگ میں آگے بڑھ کر مثبت کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے اتحاد و اتفاق سے دہشت گردوں کا جلد خاتمہ ہوگا۔ یہ وقت دہشت گردی کے خلاف انتہائی تیز رفتار اور موثر اقدامات کا ہے ، یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبائی سطح پر قانون سازی کرکے سزائیں سخت کی ہیں اور قوانین پر سختی کے ساتھ موثر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کو نکیل ڈالی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کی زبان میں سخت جواب دینے کا وقت آ گیا ہے۔ پاک دھرتی سے دہشت گردوں کے ناپاک وجود کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کرکے تاریخ کا دھارا بدلیں گے۔ انشاء اللہ آج اور آنے والے کل میں پاکستان کی نئی تاریخ رقم ہوگی۔