سنیل نارائن کا آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ سکواڈ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ

بدھ 28 جنوری 2015 11:59

کنگسٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) ویسٹ انڈیز کے مشہور سپنر سنیل نارائن نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ سکواڈ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ویسٹ انڈیز کے ورلڈ کپ سکواڈ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان کو بولنگ ایکشن پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔سنیل نارائن کا ایکشن انڈین پریمیئر لیگ کے دوران مشکوک رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد انھیں بھارتی بورڈ کے زیر اہتمام کسی بھی ایونٹ میں بولنگ سے روک دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس پابندی کے بعد ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے عالمی سطح پر پابندی کے ڈر سے نارائن کو انڈیا کے دورے پر لے جانے سے گریز کیا اور ساتھ ہی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کیلئے بھی ان کا انتخاب زیر غور نہیں آیا۔متعدد اہم سیریز سے ڈراپ کیے جانے کے باوجود سپنر کو ورلڈ کپ کے 15 رکنی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا۔سکواڈ کا حصہ بنائے جانے پر ماہرین کرکٹ نے کافی حیرانگی کا اظہار کیا تھا نارائن کی ورلڈ کپ سے دستبرداری سے ویسٹ انڈین ٹیم مزید مشکلات سے دوچار ہو گئی ہے کیونکہ سکواڈ سے پہلے ہی مشہور آل راوٴنڈرز ڈیوین براوو اور کیرون پولارڈ کو بھی ڈراپ کیا جا چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :