امریکہ‘ پر خطر برفانی طوفان سے نظام زندگی مفلوج

بدھ 28 جنوری 2015 12:20

نیو یا رک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) امریکا کے شمال مشرق میں آنے والے پْر خطر برفانی طوفان نے نظامِ زندگی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ ہزاروں پروازیں منسوخ، پبلک ٹرانسپورٹ بند جبکہ سڑکوں پر پرائیویٹ گاڑیوں کے چلانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔امریکی حکام کے مطابق برفانی طوفان تقریبابارہ ریاستوں جبکہ ساٹھ ملین سے زائد افراد کو متاثر کر سکتا ہے۔

امریکا کے قومی موسمیاتی ادارے (این ڈبلیو ایس) کے مطابق ریاست میسا چوسٹس کے مختلف علاقوں میں تیرہ اِنچ تک برفباری ہو بھی چکی ہے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق مین ہٹن کے مرکزی پارک میں چھ اِنچ موٹی برف کی تہہ ہے جبکہ اسلپ ہوائی اڈے پر برف کی تہہ پندرہ اِنچ موٹی ہے۔نیویارک کے حکام نے ایمرجنسی گاڑیوں کے علاوہ رات گیارہ بجے سے صبح چار بجے تک تمام سڑکوں پر گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو تین سو ڈالر جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

نیویارک کے گورنر کا کہنا تھا، ” آپ اپنی گاڑی میں ہیں اور آپ کسی بھی شہر یا گاوٴں کی سڑک پر ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اگر آپ رات گیارہ بجے کے بعد گاڑی چلا رہے ہیں تو آپ ایک جرم کے مرتکب ہو رہے ہیں۔“ گورنر کا کہنا تھا کہ یہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہو سکتا ہے۔ کنیکٹیکٹ، میساچوسٹس، نیو جرسی اور رہوڈ آئی لینڈ کی ریاستوں میں بھی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے مرکزی دفاتر ایک روز کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ نیویارک سمیت مشرقی ساحلی علاقوں کے تمام تر اسکول بند ہیں، جن کی وجہ سے تقریبادس لاکھ طالب علم اسکول نہیں جا سکے۔ دوسری جانب توقع کی جا رہی ہے کہ سٹاک ایکسچینجز، جن میں انٹرکانٹینینٹل ایکسچینج ، نیویارک اسٹاک ایکسچینج یونٹ، نیس ڈیک (او ایم ایکس) گروپ اور بیٹس گلوبل مارکیٹس کھلی رہیں گی۔

اس سے قبل 2012ء میں آنے والے سینڈی طوفان کی وجہ سے تمام سٹاک ایکسچینجز بند کرنا پڑی تھیں۔برفانی طوفان نے میٹروپولیٹن شہر نیویارک کے نظام زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ برفباری کی وجہ سے اندرون اور بیرون شہر جانے والی تمام ٹرینیں بند کر دی گئی ہیں۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ شہر کے سب وے ریلوے نظام کو برفباری کی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔ پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے ہزاروں مسافر ایئر پورٹس پر پھنس کر رہ گئے ہیں۔نیویارک میں سب سے بڑا برفانی طوفان فروری دو ہزار چھ میں آیا تھا، جب تقریباستائیس انچ برفباری ہوئی تھی

متعلقہ عنوان :