بلدیاتی ادارے قومی تعمیر وترقی اور عوامی فلاح بہبود میں بنیادی اکائی کی حیثیت رکھتے ہیں‘کے ڈی چوہدری

بدھ 28 جنوری 2015 12:46

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) آزادجموں وکشمیر لوکل گورنمنٹ آفیسرز ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری جنرل کے ڈی چوہدری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے دس اضلاع کی ضلع کونسلوں ،میونسپل کارپوریشنز،میونسپل کمیٹیز اور ٹاؤن کمیٹیز کے جملہ گزٹیڈ اور نان گزٹیڈ ملازمین کے باہم اتحادسے ایک موثر تنظیم قائم کر کے بلدیاتی اداروں کے ملازمین کے دیرینہ واجتماعی مسائل کے حل اور حقوق کے تحفظ کے لیے بار آور جدوجہد کی جائے گی۔

بلدیاتی اداروں کی نان گزٹیڈ تنظیمیں پہلے ہی موجود ہیں تاہم جریدہ آفیسران کی پہلے سے قائم تنظیم کا ازسر نو احیاء کرنے کی بجائے مشترکہ طور پر تشکیل نوکے لیے مشاورت کی جا رہی ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں نامور تنظیمی لیڈر چوہدری کرامت علی کی زیر صدارت جریدہ آفیسران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے اس موقع پر دیگر آفیسران راجہ حفیظ الرحمن،امتیاز علی بٹ،عثمان صدیق کیانی اور راجہ شیراز احمد خان نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

کے ڈی چوہدری نے کہا کہ آزادکشمیر کے دس اضلاع کے بلدیاتی اداروں کے جریدہ آفیسران اور ان اداروں کی نان گزٹیڈ تنظیموں کے نمائندوں کا ایک مشترکہ کنونشن منعقد کر کے مشترکہ طور پر متفقہ پالیسی مرتب کی جائے گی ۔انھوں نے کہا کہ ڈرائینگ روم میں بیٹھ کر فرضی اور کا غذی تنظیموں کی تشکیل کا دور گزر چکا ہے ہم عملی جدوجہد اور دیرینہ مسائل کے حل کے لیے بار آور کوششوں پر یقین رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ بلدیاتی اداروں کے ملازمین کو نارمل میزانیہ پر لانے اور پنشن حقوق کے لیے موثر مخلصانہ جدوجہد کی جائے۔

انھوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے قومی تعمیر وترقی اور عوامی فلاح بہبود میں بنیادی اکائی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان اداروں کی کارگزاری اس وقت تک موثر نہیں بنائی جاسکتی جب تک ان اداروں کے ملازمین کی استعداد کار بڑھانے کے لیے انھیں درپیش مسائل و مشکلات ترجیح بنیادوں پر حل کرنا اولین شرط ہے انھوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو ماہانہ تنخواہ پہلے ہی حکومت AGآفس کے ذریعے ادا کر رہی ہے اگر نارمل میزانیہ پر لایا جائے تو ایک مستحسن عمل ہو گا اور ماہانہ بروقت پنشن کی ادائیگی کے لیے دیگر محکموں و اداروں کے ریٹائرڈ ملازمین کی طرح مسلمہ طریق کار طے کیا جا نا چاہیے اور یہ مسائل حکومت تک پہنچانے کے لیے موثر نمائندہ تنظیم کا قیام از بس ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :