زلزلہ متاثرہ علاقوں کی بحالی او ر تعمیر نو کیلئے بیرونی امداد اور مختص فنڈز کاخصوصی آڈٹ کیاجائے ‘ طاہر کھوکھر کا مطالبہ

بدھ 28 جنوری 2015 14:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ، جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہرکھوکھر نے کہا ہے کہ زلزلہ متاثرہ علاقوں کی بحالی او ر تعمیر نو کیلئے بیرونی امداد اور مختص فنڈز کاخصوصی آڈٹ کیاجائے ،حکومت آزادکشمیر تعمیر نو کیلئے مختص اربوں روپے کے فنڈز وفاقی حکومت سے واگزار کروانے کیلئے کردار اداکرے اور کشمیری عوام کااحساس محرومی دور کیاجائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر طاہرکھوکھر نے کہاکہ 2005 کے تباہ کن زلزلہ میں ہزاروں انسانی جانیں ضائع ہوئیں ، اربوں روپے کی املاک تباہ ہوئیں اس کے بعداگرچہ عالمی برادری کی جانب سے فراخدلانہ مدد وتعاون کی گئی ، حکومت پاکستان نے بھی اس وقت دل کھول کر فنڈز دےئے اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر ریکارڈ مدت میں دوبارہ بحال ہوا لیکن تاحال ملنے والے فنڈز کے مطابق مستقل بنیادوں پر انفراسٹرکچر دوبارہ بحال نہیں ہوسکا ، آج بھی سینکڑوں سکول عمارتوں کے بغیر چل رہے ہیں ، دیہی علاقوں میں بنیادی مراکز صحت کی عمارات نہیں، سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ، واٹر سپلائی تاحال بحال نہیں ہوسکیں اور آج بھی دیہی علاقوں کے عوام کسمپری کے عالم میں زندگی بسر کرنے پرمجبور ہیں، دیہی علاقوں میں خواتین کو میلوں دور سے پانی لاناپڑتا ہے ،واٹر سپلائی سکیمیں نہ ہونے کے باعث عوام پانی کی قلت کاشکارہیں اور بہت سے علاقوں میں عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے۔

(جاری ہے)

طاہرکھوکھر نے کہاکہ تعمیر نو کے اربوں روپے کے فنڈز منتقل کرنے اور اس منتقلی کے خاموش رہنے والے عوام کے مجرم ہیں ،تعمیر نو کیلئے مختص فنڈز کی ایک ایک پائی کا حساب لیاجائے یہ ہزاروں شہداء زلزلہ کے خون کاقرض ہے انہو ں نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر صورت حال کانوٹس لیں اور اس معاملہ پر جاندار کردار ادا کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے آزادکشمیر کاحق مانگیں ، آج ٹھٹھرتی سردی میں سینکڑوں سکولوں میں ہزاروں معصوم طلباء وطالبات کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں جو حکومت کی نااہلی اور ناکامی کامنہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں ناقص تعمیرات کو بھی کڑی تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ متعلقہ اداروں کے آفیسران واہلکار دیانتداری سے کام نہیں کررہے ہیں آج بھی ناقص تعمیرات کاسلسلہ جاری ہے ٹھیکیدار سرکاری عمارات کی تعمیرات اور سڑکوں کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کررہے ہیں اور معمولی رشوت کے عوض متعلقہ حکام آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں اگر خدانخواستہ دوبارہ زلزلہ یا کوئی آفت آئے تو یہ تعمیرات منٹوں میں ملبے کے ڈھیرمیں تبدیل ہو جائیں گی جیسا کہ ماضی میں ہوا انہوں نے کہا کہ قومی منصوبہ جات میں کرپشن کرنے والے قومی مجرم ہیں اور انہیں عبرتناک سزادی جائے۔

طاہرکھوکھرنے کہا کہ ایم کیو ایم آزادکشمیر کے عوام کے حقوق غصب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دے گی اور ہر فورم پر عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :