جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے یکم فروری سے ہفتہ یکجہتی منانے کا اعلان کردیا

بدھ 28 جنوری 2015 14:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے یکم فروری سے ہفتہ یکجہتی منانے کا اعلان کردیا۔اس سلسلے میں سیمینار اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرامیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق مظفرآباد میں آئیں گے اور یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت کریں گے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان کا دارالحکومت میں فقید المثال استقبال کیاجائے گا۔

ان خیالا ت کا اظہار جماعت اسلامی آزادکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے سینٹرل پریس کلب مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔اس مو قع پر میر جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد سید نذیر شاہ،شمشیر خان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں وزیراعظم پاکستان کا تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ مظفرآباد میں آنا ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

یوم یکجہتی کے موقع پر اسمبلی اور کونسل کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے جس سے خطاب نوازشریف آکر خطاب کریں۔ امریکی صدر کا دورہ بھارت تشویشنا ک ہے۔امریکہ کو خطہ میں طاقت کا توازن بگاڑنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔ بھارتی وزیراعظم مودی سرکار نے مسلم دشمنی کی بنیاد پر الیکشن میں کامیابی حاصل کی اور اب کشمیر میں مودی مسلم دشمنی کی پالیسیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

امریکہ کی جانب سے اس کی حوصلہ افزائی کسی بھی صورت خطہ اور امریکہ کے مفاد میں نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ افغانیوں کے انخلاء کے حوالے سے پالیسی پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔راتوں رات مہم چلا کر انہیں بے دخل کرنا غیر انسانی عمل ہے۔انسانی اقدار کو بھی ہمیں ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا۔اس خطہ میں اس طر ح کے اقدامات نامناسب ہیں۔بھارت اس کو جواز بنا کر مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ بڑھا سکتاہے اس سے تحریک آزادی پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے حکومت کو مہاجرین کشمیر کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے چاہیے۔مہاجرین کے مسائل حل نہ کرنے والی حکومت کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بلند و بانگ دعوے کرنا زیب نہیں دیتاہے۔امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے بھارت کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑنے کی ضرورت ہے

متعلقہ عنوان :