قومی شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پاک فوج کی مدد حاصل کی جائے گی ‘ سیکرٹری جنگلات آزاد کشمیر

بدھ 28 جنوری 2015 14:29

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) سیکرٹری جنگلات فرحت علی میر نے کہا ہے کہ قومی شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے معاشرے کے مختلف طبقوں کے ساتھ ساتھ پاک فوج کی مدد حاصل کی جائے گی تاکہ ماحول کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ شجرکاری مہم کو شہدائے پشاور شجر کاری مہم 2015کا نام دیا گیا ہے ۔ تمام شیڈول بنک اور آزاد جمو ں و کشمیر بنک بھی مہم میں بھر پور حصہ لیں گے ۔

اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں اس حوالے سے پالیسی اقدامات پر غور ہوگا۔ سیکرٹری جنگلات نے ان خیالات کا اظہار ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں ڈائریکٹر اطلاعات راجہ اظہر اقبال بھی موجود تھے ۔سیکرٹری جنگلات فرحت علی میرنے اس موقع پر کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی اصولوں کے مطابق کسی بھی ملک کے 25فیصد رقبے پر درختوں کی موجودگی لازمی ہے اس سے ماحول کو درپیش خطرات کم ہوتے ہیں اور اوزون کی سطح کو نقصان نہیں پہنچتا ۔

ہمارا ہدف زیادہ سے زیادہ حصے پر درخت لگانا ہے جس کے لئے نہ صرف محکمے کے ذمہ داری ہے بلکہ معاشرے کے مختلف طبقوں کے علاوہ پولیس ، پاک فوج ، سکولوں اور کالجز کے طلباء اور دیگر محکمہ جات کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ صدر پاکستان ، وزیر اعظم پاکستان ، صدر آزاد کشمیر ، وزیر اعظم آزادکشمیر قومی شجر کاری مہم کا افتتاح کریں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ 37لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے محکمہ دن رات ایک کر دے گا۔ انہوں نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ قومی شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں ۔ انہوں نے اس حوالے سے ڈائریکٹر اطلاعات راجہ اظہر اقبال کی تجاویز کو سراہا اور اس حوالے سے محکمہ جنگلات اور محکمہ اطلاعات کے درمیان مربوط تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔

متعلقہ عنوان :