وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے حکم پر محکمہ سوئی گیس کی اعلیٰ تحقیقاتی ٹیم سرگودھا پہنچ گئی

بدھ 28 جنوری 2015 14:50

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جنوری2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے حکم پر محکمہ سوئی گیس کی اعلیٰ تحقیقاتی ٹیم سرگودھا پہنچ گئی جس نے محکمہ سوئی گیس کے آر ایم سمیت دیگر افسران اور ڈی سی او آفس میں اراکین اسمبلی کیساتھ میٹنگ کی اور سرگودھا میں سوئی گیس کے پریشر پر اراکین اسمبلی نے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا‘ جس پر وزیر اعلیٰ کے حکم پر آئی ہوئی اعلیٰ سطحی ٹیم جس میں ڈپٹی جنرل منیجر ڈائریکٹر امجد لطیف‘ سینئر جنرل منیجر ڈسٹری بیوشن زاہد حسین سید کے علاوہ دیگر ٹیکنیکل افسران شامل ہیں جو علی الصبح ہی سرگودھا پہنچ گئے تھے ڈی سی او سرگودھا ثاقب منان نے آنیوالی ٹیم کو گزشتہ روز ہونیوالے احتجاجی دھرنے اور صورتحال سے آگاہی دی ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ سرگودھا کیلئے سوئی گیس کے منظور شدہ 60 ملین پاؤنڈ کو فوری طور پر بحال کیا جائے اس وقت 26 ملین پاؤنڈ کا پریشر دیا جارہا ہے جس کے باعث مین لائن سے برانچ لائنوں میں گیس کا پریشر شہر تک پہنچنے میں 3 سے 4 پوائنٹ رہ جاتا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو گیس نہیں مل رہی ساتھ ہی ساتھ اراکین اسمبلی کی جانب سے 4 افسران جن میں انجینئر ڈسٹری بیوشن وجاہت خان‘ انجینئر ڈسٹری بیوشن عدنان‘ سینئر انجینئر ڈسٹری بیوشن علی عمران طالب وڑائچ ‘ سیلز آفیسر محمد اقبال شامل ہیں جن کے فوری طور پر تبادلے کا مطالبہ کیا گیا ہے جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی جانب سے محکمہ سوئی گیس کے افسران کی ٹیم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ افسران کے تبادلے اور پریشر کی کمی کو دور کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے ذرائع کے مطابق سابق آر ایم سرگودھا اشرف محمود چوہدری کا وہ لیٹر بھی میٹنگ میں زیر بحث آیا جس میں انہوں نے جی ایم سوئی ناردرن کو لکھا تھا کہ سرگودھا میں 60 کی بجائے 26 پاؤنڈ گیس پریشر دیا جائے ذرائع کے مطابق سابق آر ایم نے اپنی نااہلی اور گیس چوری چھپانے کیلئے یو ایف جی کو کنٹرول کرنے کیلئے یہ لیٹر لکھا تھا کیونکہ سرگودھا میں گیس چوری کی مقدار اوگرا کے قانون سے کئی زیادہ ہورہی تھی جس پر سابق آر ایم اشرف محمود نے گیس چوری روکنے کی بجائے پریشر میں کمی کا لیٹر لکھ کر اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کی ڈی سی او سرگودھا ثاقب منان‘ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری حامد حمید‘ رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز اور عبدالرزاق ڈھلوں‘ آر ایم سرگودھا ریجن سوئی گیس ہارون خان‘ بیکو لائٹ انڈسٹری کے عہدیداران کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔