آئی فون 6، 6 پلس کی ریکارڈ فروخت، ایپل کو ایک سہ ماہی میں 18 ارب ڈالر کا ریکارڈ منافع

بدھ 28 جنوری 2015 14:53

آئی فون 6، 6 پلس کی ریکارڈ فروخت، ایپل کو ایک سہ ماہی میں 18 ارب ڈالر کا ..

کیلیفورنیا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے کہا ہے کہ اس نے گزشتہ سہ ماہی میں 18 ارب ڈالر کا خالص منافع کمایا ہے جو ایک ریکارڈ ہے، آج سے قبل کسی پبلک کمپنی نے ایک سہ ماہی میں اتنا منافع نہیں کمایا ،کمائی کی وجہ آئی فون 6 اور 6 پلس کی ریکارڈ فروخت بتائی جا رہی ہے۔سٹینڈرڈ اینڈ پوئرز کے مطابق اس سے قبل ایک سہ ماہی میں زیادہ سے زیادہ منافع کمانے کا ریکارڈ تیل کی کمپنی ایگزون موبل کے پاس تھا جس نے 2012 کی دوسری سہ ماہی میں 15 ارب 90 کروڑ ڈالر کا منافع کمایا تھا۔

ایپل نے 27 ستمبر سے 27 دسمبر کی مدت کے دوران سات کروڑ 45 لاکھ آئی فون فروخت کئے جو زیادہ تر تجزیہ کاروں کے اندازوں سے کہیں زیادہ تعداد ہے۔ کیلیفورنیا میں قائم کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک نے اقتصادی ماہرین سے ایک کانفرنس کال کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی فون کی طلب حیرت انگیز ہے،تاہم آئی فون کے برعکس ایپل کی آئی پیڈ ٹیبلٹ کمپیوٹر کی فروخت مایوس کن رہی ہے اور 2014 میں اس میں مزید 18 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایپل کے آئی فون کے جدید ترین ماڈل یعنی آئی فون 6 اور 6 پلس کی طلب میں اضافے نے کمپنی کے منافع کیساتھ ساتھ فی فون منافع کی شرح میں بھی اضافہ کیا ہے اور اب ایپل ہر آئی فون پر تقریباً 40 فیصد منافع کما رہی ہے، ریکارڈ منافع کی خبر آنے پر امریکی بازار حصص میں ایپل کے حصص کی قیمت میں 5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ،2014 میں ایپل کی مجموعی آمدن 74 ارب 60 کروڑ ڈالر رہی جو 2013 سے 30 فیصد زیادہ ہے۔

کمپنی کے مطابق 2014 میں صرف چین میں ایپل کی مصنوعات کی فروخت سے 16 ارب ڈالر کی آمدن ہوئی جو ایک برس قبل سے 70 فیصد زیادہ ہے۔ اس کے برعکس پورے یورپ میں ایپل نے 17 ارب ڈالر کی مصنوعات فروخت کیں۔محقق کمپنی کنالس کی رپورٹ کے مطابق ایپل اس وقت چین میں سمارٹ فونز فروخت کرنیوالی سب سے بڑی کمپنی بن چکی ہے۔ایپل کا کہنا ہے کہ اس کی جدید ترین پراڈکٹ ایپل واچ شیڈول کے مطابق اپریل میں فروخت کیلئے پیش کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :