حریت کانفرنس غیر کشمیریوں کو آباد کرنے کے بھارت کے منصوبے کیخلاف مشترکہ مہم شروع کرے گی ‘میر واعظ

بدھ 28 جنوری 2015 15:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہاہے کہ جلد ہی مقبوضہ علاقے میں غیر کشمیری باشندوں کو آباد کرنے کے بھارت کے منصوبہ کے خلاف مشترکہ مہم چلانے کیلئے طریقہ کار کو حتمی شکل دی جائے گی ۔ میرواعظ نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہاکہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ تمام آزادی پسند گروپوں اورتمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اس سلسلے میں ہماری مشترکہ مزاحمت کے منصوبے کی حمایت کی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حریت کانفرس کی کمیٹی کی رپورٹ پر مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا ۔ کمیٹی کی رپورٹ میں دیگر آزادی پسند گروپوں اور سول سوسائٹی کے اراکین سے اس سلسلے میں تجاویز شامل ہوں گی۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس نے گیر کشمیریوں کو آباد کرنے خلاف اور اس مسئلے پر اتفاق رائے کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب بگاڑنے کیلئے غیر کشمیریوں کو آباد کر کے مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے ۔

میر واعظ نے کہاکہ جموں وکشمیر کے ہر شہری کی یہ ذمہ داری ہے کہ اپنے مذہب یا فرقے سے قطع نظر اس اقدام کے شدید مخالفت کرے ۔حریت کانفرنس کے ایک سینئر رہنما نے کہا ہے کہ15 جنوری کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی طرف سے قائم کی گئی کمیٹی نے بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم ،سول سوسائٹی کے اراکین اور قانونی ماہرین سے ملاقاتیں کی اور انہوں نے بھارت کے اس مذموم منصوبے کے خلاف مشترکہ مذاحمتی مہم چلانے پر اتفاق کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کمیٹی نے جموں میں سول سوسائٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کی۔

متعلقہ عنوان :