باقی صوبے پیچھے رہ گئے ،بلدیاتی انتخابات کی دوڑ بلوچستان نے جیت لی

بدھ 28 جنوری 2015 16:10

باقی صوبے پیچھے رہ گئے ،بلدیاتی انتخابات کی دوڑ بلوچستان نے جیت لی

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جنوری2015ء) باقی صوبے پیچھے رہ گئے، بلدیاتی انتخابات کرانے کی دوڑ بلوچستان نے جیت لی۔بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا آج آخری معرکہ جاری ہے،صوبے میں میئر،ڈپٹی میئر،چیئرمین ،وائس چیئرمین کے انتخابات ہورہے ہیں۔بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلہ میں منتخب کونسلر وں کی حلف برداری کے عمل کے بعد کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپویشن کے لئے میئر اور ڈپٹی میئر جبکہ ضلع اور یونین کونسلوں کے لئے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

اس عمل میں 10ہزار 600سےزائد کونسلر حصہ لے رہے ہیں۔ آخری مرحلے کے انتخاب کے لئے ووٹنگ خفیہ رائے دہی سے ہورہی ہے جس کے لئے صوبہ بھر میں 139پریزائیڈنگ افسر تعینات مقرر کئے گئے ہیں،اب سے کچھ دیر قبل تک کوئٹہ میں میٹروپولیٹن کارپوریشن میں میئر اور ڈپٹی میئر اور ضلع کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

کوئٹہ کی مئیر شپ کیلئے وطن دوست جمہوری پینل کے ڈاکٹر کلیم اللہ اور آل پارٹیز ڈیموکریٹ الائنس کے امیدوار قاضی عبدالقاہر اچکزئی جبکہ ڈپٹی مئیر شپ کیلئے وطن دوست جمہوری پینل کے یونس بلوچ اور اے پی ڈی اے کے رضا وکیل ہزارہ میں مقابلہ ہے اسی طرح ضلع کونسل کوئٹہ کےچیئرمین کے لئے پشتونخواہ میپ کی جانب سے ملک یاسین خان اوراے پی ڈی اے کی جانب سے ملک نعیم بازئی کو نامزد کیاگیاہے۔