آصف علی زرداری جیسا رہنماء ملنا پاکستان پیپلز پارٹی ،کارکنان کی خوش بختی ہے،پروفیسر این ڈی خان

بدھ 28 جنوری 2015 16:32

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی کونسل کے میڈیا انچارج اور پیپلز اسٹڈی سرکل کے چیئر مین سابق وفاقی وزیر پروفیسر این ڈی خان نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے بعد آصف علی زرداری جیسا رہنماء ملنا پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کے کارکنان کی خوش بختی ہے ۔پاکستان پیپلز پارٹی خلقِ خدا کی آواز ہے اور اس کی بنیادوں میں شہداء کے پاکیزہ لہو کی آمیزش ہے ، قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور دخترِمشرق محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو آصف علی زرداری احسن انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سندھ سیکریٹریٹ سندھ ہیومن رائٹس سیل کی انچارج انیلا محمد انصاری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

پروفیسر این ڈی خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء عمران خان نے شادی میں عجلت کا مظاہرہ کیا ابھی تو پشاور کے معصوم شہداء کی قبروں کی مٹی بھی تازہ تھی ، انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے جسطرح ملک کو جمہوریت کی شاہراہ پرگامزن کیا ہے وہ ان کی سیاسی بصیر ت کامظہر ہے۔

پروفیسر این ڈی خان نے کہا کہ آصف علی زرداری کی حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان پیپلز پارٹی سینٹ کے انتخابا ت میں حیران کن نتائج دے گی۔ پروفیسر این ڈی خان نے انیلا محمد انصاری کی انسانی حقوق سے متعلق خدمات کو سراہتے ہوئے پارٹی میں ان کی کارکردگی کو بہترین اضافہ قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی بطور انچارج ہیومن رائٹس سیل نامزدگی سے سندھ میں حقوقِ انسانی کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے سلسلے میں مد د ملے گی۔ اس موقع پر پارٹی کے سینیئر رکن اور ہیومن رائٹس سیل کے اراکین: الطاف احمد ، اظفر صدیقی اور منصور کھوکھر بھی موجود تھے۔