کراچی،مسلمان دین کی مشترکات پر متحد ہوں ،اپنے مشترکہ دشمن کو پہچانیں،علامہ محمد عون نقوی

بدھ 28 جنوری 2015 16:36

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) معروف عالم دین اور خطیب مولانا محمد عون نقوی نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے میں مصروف ہیں ،لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم امہ اپنے مشترکہ دشمن کو پہچانے ،رضویہ سوسائٹی میں منعقدہ امن کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ رسول اکرمﷺ نے امن و محبت اور رواداری کا پیغام دیا لیکن آج مسلمان اس پیغام کو پس پشت ڈال چکے ہیں جسکی وجہ سے آج پوری دنیا بدامنی کا شکار ہے ،ہمیں چاہیئے کہ سچے عاشق رسولﷺ بنیں اور کوشش کی جائے کہ انتشار اور افراتفری کی سیاست ختم ہو اورمذہبی جنونیت کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکا جائے کیونکہ یہاں شیعہ و سنی کا کوئی جھگڑا نہیں بلکہ ایک مخصوص گروہ فتنہ پروری کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اس کی روک تھام کیلئے سب کو اکھٹا ہونا ہوگا ،تقریب سے مولانا اکرام حسین ترمذی،حکیم محمد احمد زیدی ،علامہ جعفر رضا ،مولانا خلیل احمد ،مولانا سرباز شگری ،مہدی شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ شہر کو امن کا گہوارا بنانے کیلئے تمام طبقات کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور کوشش کرنا ہوگی کہ ایسے عناصر کی سرکوبی ہو جو مذہب کی آڑ میں فرقہ واریت اور نفرتوں کو ہوا دے رہے ہیں،بعد ازاں حکومت سندھ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ٹارگٹ کلنگ روکے اور کالعدم جماعتوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :