سی پی ایل سی چیف احمد چنائے کیخلاف کارروائی کی بنیاد بننے والا لاریب کے والد کا خط میڈیا پر منظرعام میں آگیا

بدھ 28 جنوری 2015 17:32

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء)سی پی ایل سی چیف احمد چنائے کیخلاف کارروائی کی بنیاد بننے والا لاریب کے والد کا خط میڈیا پر منظرعام میں آگیاہے۔ لاریب کے والد نے خط میں لکھا ہے کہ ان کے بیٹے کو رینجرز کی ٹاسک فورس نے بغیر تاوان کے بازیاب کرایا جبکہ ان کی بیوی اور بیٹے کو سی پی ایل سی میں روکے رکھا گیا ۔

(جاری ہے)

لاریب کے والد کی طرف سیڈی جی رینجرز اسپیشل ٹاسک فورس کو لکھے گئے خط میں کہاگیاتھا کہ آپ کی اسپیشل ٹاسک فورس نے فوری کارروائی کی اور بیٹے کو بغیر تاوان کے بازیاب کرایا،ہم نے آپ کے سیل کے علاوہ سی پی ایل سی میں بھی رپورٹ درج کرائی تھی۔

سی پی ایل سی کے عہدیداروں نے بیوی اور بیٹے سے کہاکہ آپ کہیں نہ جائیں ہم کارروائی کررہے ہیں،اس کے بعد انہوں نے بیوی اور بیٹے کو وہیں روکے رکھا۔خط کے متن کے مطابق سی پی ایل سی نے ہمیں کہا کہ ہم اغوا کاروں کی لوکیشن چیک کررہے ہیں،اس دوران اغوا کاروں کا 2مرتبہ فون آیا اور رقم کا مطالبہ کرتے رہے،اس کے بعد مجھے بھی سی پی ایل سی بلایا گیا،جس کے باعث میں ٹاسک فورس کو کوئی معلومات فراہم نہیں کرسکا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لاریب کے والد کا یہی خط سی پی ایل سی چیف احمد چنائے کیخلاف کارروائی کی بنیاد بنا ہے۔