حکومت اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں پاکستان کی مستقل رکنیت کیلئے حکمت عملی وضع کرے ‘ عبدالباسط

بدھ 28 جنوری 2015 17:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین عبدالباسط نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں پاکستان کی مستقل رکنیت کے لیے حکمت عملی وضع کرے اور پاکستان کا کیس انتہائی مضبوط سے پیش کرے کیونکہ بھارت کی نسبت پاکستان سکیورٹی کونسل کی مستقل رکنیت کا زیادہ حقدار ہے۔

ایک بیان میں عبدالباسط نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی مستقل رکنیت لینے کے لیے حکومت کو تمام فورمز استعمال کرنے اور دوست ممالک سے مدد لینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کل آبادی کا 23فیصد حصہ مسلمانوں پر مشتمل ہے جبکہ ہندو دنیا کی کل آبادی کا صرف 13.8فیصد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ پاکستان مسلم دنیا کی واحد ایٹمی قوت ہے لہذا اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی مستقل رکنیت اسی کو ملنی چاہیے۔

(جاری ہے)

پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین نے کہا کہ اقوام متحدہ کو بھی اس معاملے پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ اس بین الاقوامی ادارے میں مسلم دنیا کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند سالوں میں مسلمان دنیا کی کل آبادی کا ایک چوتھائی ہوجائیں گے لہذا اگر انہیں سکیورٹی کونسل سے دور رکھا گیا تو یہ سرا سر نااانصافی ہوگی۔

عبدالباسط نے مزید کہا کہ اگر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی مستقل رکنیت بھارت کو دے دی گئی تو اس سے جنوبی ایشیاء میں طاقت کا توازن بری طرح بگڑ جائے گاکیونکہ بھارت پہلے ہی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے اور پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کرنے کے لیے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ دوسری طرف پاکستان ایک پر امن ملک ہے جو قیام امن کے لیے ہزاروں قیمتی جانوں کا نذرانہ دینے کے ساتھ اربوں ڈالر کا نقصان بھی برداشت کرچکا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں پاکستان کی مستقل رکنیت حاصل کرنے کے لیے بھرپور لابنگ کرے۔

متعلقہ عنوان :