ہمیں اجتماعی حیثیت میں مثبت فکر کو رواج د ے کر نظام کو مضبوط بنانا ہے ‘ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن

بدھ 28 جنوری 2015 17:47

نارووال(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ملکی حالات کے تناظر میں ضلع کو امن کاگہوارہ بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے تعاون یقینی بنائیں کیونکہ قیام امن کیلئے ممبران پارلیمنٹ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ہمیں اجتماعی حیثیت میں مثبت فکر کو رواج د ے کر نظام کو مضبوط بنانا ہے ضلعی امن کمیٹی کے ممبران اس ضمن میں فعال کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امن و امان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ سید دلاور عباس بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈی سی او نارووال سید نجف اقبال ‘ ڈی پی او نارووال حشمت کمال ‘ اراکین صوبائی اسمبلی خواجہ محمد وسیم بٹ‘ رانا منان‘ اویس قاسم اور مولانا غیاث الدین نے بھی اجلاس میں شر کت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر شمائل احمد خواجہ نے کہاکہ فرقہ واریت او ردہشت گردی ہمارے ملک و معاشرے کا بہت بڑا مسئلہ ہے جس کے خاتمے کے لئے قومی و صوبائی حکومتیں اور افواج پاکستان شبانہ روز کوشاں ہیں اس ضمن میں تمام مکتبہ فکر کے علمائے کرام و طبقات کو آپس کے اختلافات کو بھلا کر کردار اداکرناہو گا تاکہ بد امنی کا خاتمہ کر کے دہشت گردوں کے ناپاک او رمذموم عزائم کو خاک میں ملایا جاسکے ۔

اراکین پارلیمنٹ خواجہ محمد وسیم بٹ‘ رانا منان‘ اویس قاسم اور مولانا غیاث الدین نے ڈی سی او او ر سی پی او کو حکومتی اقدامات اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی او رکہاکہ وہ عوام کو بھی اس جانب راغب کرنے میں کوششیں جاری رکھیں گے اور علمائے کرام کے ساتھ بھی رابطہ جاری رہے گا۔ اجلاس میں ڈی پی او نارووال حشمت کمال نے حکومت پنجاب کی طرف سے نئے قوانین کی وضاحت کرتے ہئے بتایاکہ فرقہ واریت پر مبنی مواد ‘ بدامنی‘ مذہبی منافرت پھیلانے اور لاؤ ڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال ‘ ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ صرف اذان ‘جمعہ کاعربی خطبہ اور تمام اعلا نات کی اجازت ہو گی بصورت دیگر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہاکہ قانون کی پاسداری یقینی بنا نے کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائیں جائیں گے اس کے علاوہ کرایہ داری کا نظام بھی وضع کر دیاگیا ہے انہوں نے شہریوں سے اپیل کی اس پر عملدرآمد کیلئے انتظامیہ او رپولیس کے ساتھ تعاون یقینی بنائے ۔

بعدازاں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمدخواجہ کو ضلع نارووال میں جاری ترقیاتی سکیموں کی پیشرفت کے حوالے سے ڈی سی او نارووال سید نجف اقبال نے بریفنگ دی۔ کمشنر نے تمام ترقیاتی سکیموں کی شفافیت اور رفتار کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ان ترقیاتی سکیوں کی بروقت تکمیل اورمعیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہو ں نے نیا لاہور روڈ‘ کنجروڑ روڈ اور دیگر سکیمو ں کا موقع پر جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں۔