کراچی اسٹاک ایکس چینج میں مندی ، سرمایہ کاری مالیت میں42ارب53کروڑ روپے سے زائد کی کمی

بدھ 28 جنوری 2015 17:49

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جاری تیزی کا تسلسل ٹوٹ گیا ۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روزمنگل کو اتارچڑھاوٴ کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس34500اور 34400کی نفسیاتی حد وں سے بیک وقت گرگیا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں42ارب53کروڑ روپے سے زائد کی کمی ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت31.01 فیصدکم جبکہ67.27حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔

حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاوٴسز، دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ،توانائی ،سیمنٹ اورکیمیکل سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 34625پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔تاہم فروخت کے دباوٴ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا اور تیزی کے اثرات زائل ہوگئے ۔

(جاری ہے)

تاہم اتارچڑھاوٴ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس151.59پوائنٹس کمی سے 34386.86پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر382کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے105کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں اضافہ 257کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں کمی جبکہ20کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں42ارب،53کروڑ34لاکھ78ہزار 913روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کار کی مجموعی مالیت گھٹ کر 77کھرب96ارب 83کروڑ71لاکھ69ہزار659روپے ہوگئی ۔

بدھ کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں23کروڑ47لاکھ29ہزار 810شیئرز رہیں جومنگل کے مقابلے میں10کروڑ55لاکھ42ہزار450 شیئرزکم ہیں ،قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے پیکجز لمیٹڈ کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت33.37روپے اضافے سے728.92روپے اورصنوفائی ایونٹس کے حصص کی قیمت11.73روپے اضافے سے713.73روپے ہوگئی ۔نمایاں کمی یونی لیورفوڈز کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ،جس کے حصص کی قیمت239.00روپے کمی سے6411.00جبکہ کولگیٹ پامولو کے حصص کی قیمت45.50روپے کمی سے 1902.00روپے ہوگئی ۔

بدھ کو جہانگیر صدیقی اینڈ کو کی سرگرمیاں1کروڑ58لاکھ57ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت36پیسے اضافے سے18.36روپے جبکہ کے الیکٹرک کی سرگرمیاں1کروڑ42لاکھ59ہزار500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت18پیسے کمی سے8.86روپے ہوگئی ۔ کے ایس ای 30انڈیکس118.36پوائنٹس کمی سے 22317.36پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس326.67پوائنٹس کمی سے 54146.27جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس135.65پوائنٹس کمی سے 24725.31پر بند ہوا ۔

متعلقہ عنوان :