احتجاجی کیمپ کے 78ویں روز ملازمین احتجاجی کیمپ میں مزید مستحکم اور منظم ہو کر جدوجہد کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ،محمد طاہر

بدھ 28 جنوری 2015 19:27

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن سیڈا ایمپلائز ایکشن کمیٹی یونٹ کے زیر اہتمام احتجاجی کیمپ کے 78ویں روز ملازمین احتجاجی کیمپ میں مزید مستحکم اور منظم ہو کر جدوجہد کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ان خیا لات کا اظہار کمیٹی کے رہنماؤں محمد طاہر ، ذاکر بنگلزئی ‘عدیل الرحمن ‘حضرت علی ‘راشد شاہوانی ، محمد ابراہیم محمد حسنی ،نرگس مجید ، شمیم آراء،روبینہ بابر اور دیگرنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اساتذہ کرام جنہیں دنیا کے کسی بھی معاشرے میں اعلیٰ مقام حاصل ہے لیکن ہمارے ہاں انہیں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر ذلیل کرنے کے بعد ہی جائز حقوق حاصل ہوتے ہیں ہمارے حکمرانوں کی یہی روش ملک اور خصوصاً صوبے کو جہالت کے اندھیروں کی طرف لے جا رہی ہے اساتذہ اور دیگر ملازمین کو کیمپ میں احتجاج کرتے ہوئے 78 روز گزر گئے ہیں محمد طاہر نے اخباری بیان میں حکومت وقت سے اپیل کی ہے کہ کم از کم بیورو کریسی کو اپنے زیر اثر کر لیں تاکہ باقی بڑے مسائل سے آپ کو نبرد آزما ہونے کیلئے تھوڑا سا حوصلہ ملے انہوں نے کہا کہ بجٹ 2013-14میں منظو ری کے باوجود بیوروکریسی کی روش سمجھ سے بالا تر ہے ۔

(جاری ہے)

ملازمین نے کہا کہ جلد از جلد مستقل تعیناتی کے آرڈر جاری کر کے انیس ماہ کی تنخواہیں ادا کی جائیں ورنہ مزید سخت اقدام پر مجبور ہوں گے کیوں کہ ہمارے ملازمین دور دراز کے ڈسٹرکٹ سے آ کر پریس کلب کے سامنے دن رات فٹ پاتھ پر رہنے پر مجبور ہیں اور ہمیں جھوٹی تسلیاں دے کر کیمپ بند کرانے کی کوششیں تو کی جا رہی ہیں مگر مسئلہ کو حل کرنے کی کہیں سے کوئی کوشش نظر نہیں آ رہی۔

دریں اثناء ملازمین نے اپیل کی ہے کہ حکومت روش کا نوٹس لیتے ہوئے ہمارا مسئلے جس کو وزیر اعلیٰ دو بار اسمبلی فلور پر جائز قرار دے چکے ہیں کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گذشتہ 78 دنو ں سے ملازمین پریس کلب کے سامنے شدید سردی میں بیٹھ کر ذہنی و جسمانی اذیت میں مبتلا ہیں اور اکثریت موسم کی شدت کے باعث مختلف بیماریوں کا شکار ہو چکی ہے۔