صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے 18.556ارب روپے کے71ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی

بدھ 28 جنوری 2015 21:00

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء)ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکڑ حماد اویس آغا کی زیر صدارت صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ جس میں صوبائی محکموں بشمول پی اینڈ ڈی ،سی اینڈ ڈبلیو، ای اینڈ ایس ای، ہائیر ایجوکیشن ، صحت، آبپاشی، صنعتوں، ایس ٹی اینڈ آئی ٹی، مائنز اینڈ معدنیات، خزانہ، بلدیات اور دہی ترقی کے انتظامی سیکرٹریوں، منصوبہ بندی و ترقیات سمیت دیگر متعلقہ محکمو ں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں 80ترقیاتی منصوبوں کو زیر بحث لایا گیا جس میں سے 71ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی جن پر 18.556ارب روپے تخمینہ لاگت خرچہ آئے گا جبکہ9منصوبوں کو موخر کرتے ہوئے متعلقہ سیکرٹریوں کو منصوبوں کے ڈیزائن اور لاگت پر مزید کام کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ ان پر عمل در آمد یقینی بنا کر ان کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ و ہ منصوبوں پر کام کافی الفور آغاز کریں بصورت دیگر منصوبوں میں تاخیر قبول نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ان میں بعض اہم منصوبوں میں صوابی یونیورسٹی کی بہتری، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کمبوہ، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول دیر کالونی ، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول حسن گڑھی کا قیام اور گورنمنٹ ہائی سکول نانک پورہ پشاور کی بحالی اور ایوب میڈیکل کالج آف ڈینٹسٹری ایبٹ آباد کے لئے سامان کی خرید اری جبکہ سیلاب سے بچاوٴ کی خاطر ایبٹ مانسہرہ، کوہاٹ اور کرک کے غیر محفوظ مقامات پر حفاظتی پشتوں کی تعمیر اور نوشہرہ میں ایک اور کامرس کالج کی بلڈنگ کی تعمیر شامل ہے۔

علاوہ ازیں مردان اور ایبٹ آباد میں خواتین کے لئے کامرس کالجوں سمیت لکی مروت میں گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ کا قیام بھی منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کا حصہ ہیں۔ اجلاس میں صوبے کے دیگر اضلاع کے لئے بھی مختلف نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔