سینٹرل کنٹریکٹ تنازعہ، بورڈ نے سینئرکھلاڑیوں کو ماسٹر مائنڈ قراردیدیا

سابقہ معاہدے میں نئے کنٹریکٹ میں تاخیرکی صورت میں کھلاڑی تیس جون تک اسی معاہدے کے تحت ضابطہ اخلاق کی پاسداری کے پابند ہیں‘ذرائع

بدھ 28 جنوری 2015 21:13

سینٹرل کنٹریکٹ تنازعہ، بورڈ نے سینئرکھلاڑیوں کو ماسٹر مائنڈ قراردیدیا

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ تنازعہ میں سینئرکھلاڑیوں کو ماسٹر مائنڈ قرار دیا ہے جنہیں ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے کرکٹر لیڈ کر رہے ہیں۔پی سی بی کا کھلاڑیوں سے سنٹرل کنٹریکٹ دسمبر میں ختم ہوگیا جس کے بعد بورڈ نے نیا معاہدہ کرنے کے بجائے سابقہ معاہدے پر مارچ تک توسیع کردی اور یکم اپریل سے نیا معاہدہ کرنے کا عندیہ دیا لیکن ورلڈ کپ کے لیے منتخب کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں نے بھی اس معاہدے پراب تک دستخط نہیں کیے ہیں۔

نجی ٹی وی نے بورڈ ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ کپتان مصباح الحق سمیت سینئر کھلاڑی 2014ء کی کارکردگی پر 2015ء کے لیے کنٹریکٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور بورڈ کے لیے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پی سی بی کا کہنا ہے کہ تین ماہ کے معاہدے سے ہر کھلاڑی کو بیس ،بیس لاکھ روپے کا فائدہ ہوگا جبکہ سابقہ معاہدے میں یہ شق موجود ہے کہ نئے کنٹریکٹ میں تاخیرکی صورت میں کھلاڑی تیس جون تک اسی معاہدے کے تحت ضابطہ اخلاق کی پاسداری کریں گے لیکن بعض سینئرکھلاڑی جونیئرز پر دباؤ ڈال کرانہیں معاہدہ کرنے سے روک رہے ہیں۔

ان میں ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے کرکٹرز نمایاں ہیں کیونکہ میگا ایونٹ کے بعد صرف ایک طرز کی کرکٹ میں نمائندگی کی وجہ سے بہتر پوزیشن حاصل نہیں کرسکیں گے۔بورڈ ذرائع کے مطابق ورلڈکپ کے لیے منتخب کسی کھلاڑی نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کیے اور منتخب نہ ہونے والے کھلاڑیوں نے بھی دستخط نہیں کیے۔ کپتان مصباح الحق ان کی جانب سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ پی سی بی مینیجرنوید اکرم چیمہ کی ثالثی میں کھلاڑیوں سے رابطے میں ہے اور انہیں امید ہے کہ معاملات طے پاجائیں گے۔