امریکہ اور بھارت کے درمیان معاہدے خطے کیلئے خطرناک ہیں،سید خورشید شاہ ،

حکومت سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ازسرنوجائزہ لے ،طالبان داعش کا نام لیکر حکومت کو ڈرا رہے ہیں ، امریکہ کے کہنے پر ایران کے ساتھ گیس معاہدہ ختم کیا جارہا تھا،پاکستان نے امریکہ کو دنیا میں ماسٹر بنا دیاہے ، میڈیا سے گفتگو

بدھ 28 جنوری 2015 21:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء ) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شا ہ نے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت کے درمیان معاہدے خطے کیلئے خطرناک ہیں ،حکومت سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ازسرنوجائزہ لے ،طالبان وہی ہیں صرف نام تبدیل کررہے ہیں اور داعش کا نام لیکر حکومت کو ڈرا رہے ہیں ، امریکہ کے کہنے پر ایران کے ساتھ گیس معاہدہ ختم کیا جارہا تھا،پاکستان نے امریکہ کو دنیا میں ماسٹر بنا دیاہے ۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ امریکہ اور بھارت کے درمیان ایٹمی معاہدے خطے کیلئے خطرناک ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ چند سکوں پر ضیا ء الحق سے لے کر ابتک سب کوخریدتا آیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ کو دنیا میں ماسٹر بنا دیا ہے ،خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت امریکہ کے کہنے پر ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن معاہدہ ختم کرنے جاررہی تھی خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتیں اور حکومت کو مل بیٹھ کر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ازسرنو جائزہ لینا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت بڑے فخر سے کہتی ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے ہمیں قرضہ مل گیا ہے ،ان کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف تو کہتے تھے کہ ہم حکومت میں آئے تو کشکول توڑ دیں گے لیکن حکومت نے کشکول توڑنے کی بجائے اس کو عمروعیار کی رنبیل بنا دیا ہے ۔