جڑانوالہ،تھانہ سٹی کی حدود میں پولیس رضا کار ناکے لگا کر شہریوں کو لْوٹنے لگے،

شہر سے دیہات جانے والے افراد کو روک کر ڈرا دھمکا کر پیسے بٹورتے ہیں،شہری

بدھ 28 جنوری 2015 21:56

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) تھانہ سٹی کی حدود میں ڈاکوؤں کے ساتھ ساتھ پولیس رضا کار بھی ناکے لگا کر شہریوں کو لْوٹنے لگے۔ ذرائع کے مطابق تھانہ سٹی سے متعلقہ بعض قومی رضا کار رات کو مختلف جگہوں پر ناکے لگا کر شہر سے گاؤں جانے والے افرار کو ڈرا دھمکا کر اْنہیں لْوٹنے کا قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں اور جو شخص خوش قسمتی سے ڈاکوؤں سے بچ نکلتا ہے اْسے قومی رضا کار لْوٹ لیتے ہیں۔

علی پور بنگلہ کے رہائشی ملک اسحاق جو قومی رضا کاروں کا سب انسپکٹر بتایا جاتا ہے نے منور اور اصغر نامی افراد کے ساتھ مل کر ایک گروپ بنا رکھا ہے جو خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے رات کو پْل شہروآنہ پر ناکہ لگاتے ہیں اور شہر سے دیہات جانے والے افراد کو روک کر اْنہیں ڈرا دھمکا کر پیسے بٹورتے ہیں۔

(جاری ہے)

رضا کاروں کے اس گروپ نے چک نمبر 61 گ ب مہارانوالہ کے غریب رکشہ ڈرائیور ارسلان جس کا باپ معذور ہے کو روک کر سارے دن کی کمائی لْوٹ لی اور اْسے دھمکی دی کہ اگر کسی کو کوئی شکایت کی تو جھوٹے مقدمہ میں ملوث کر کے جیل بھجوا دیں گے۔

غریب رکشہ ڈرائیور نے ایس پی ٹاؤن عارف شہباز خاں، ایس ڈی پی او اختر وینس سے اپیل کی ہے کہ اْسے رضا کاروں کی وردیوں میں ملبوس ڈاکوؤں سے بچایا جائے تاکہ وہ اپنے اہلِ خانہ کا پیٹ پال سکے۔

متعلقہ عنوان :