اسرائیلی فوجی قافلے پر حملے کے نتیجے میں 15 فوجی ہلاک ،متعدد زخمی ، ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ

حملے میں اسرائیلی فوجی قافلے میں شامل 9 گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا ،حزب اللہ نے ذمہ داری قبول کرلی ، اسرائیل نے سرحد کے قریب جنگی ٹینکوں کو تعینات کر دیا ، دھواں فضاؤں میں بلند ہونا دیکھا گیا ، میڈیا رپورٹ حملے کا جواب طاقت سے دینگے، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو ، اسرائیل کی جانب سے داغے گئے 35 گولے جنوبی لبنان میں سرحد کے قریب زرعی زمینوں پر گرے ،امریکی میڈیا ، لڑائی میں اقوام متحدہ کا امن فوجی بھی ماراگیا ،دونوں فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں  اقوام متحدہ کی اپیل

بدھ 28 جنوری 2015 23:16

بیروت/نیویارک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی فوجی قافلے پر حملے کے نتیجے میں 15فوجی ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے  زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے غیر ملکی میڈیا کے مطابق لبنانی سرحد کے قریب اسرائیلی سرحدی علاقے شیبا فارمز میں فوجی قافلے کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 15 فوجی ہلاک ہوگئے  ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے اسرائیلی فوجی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل پیٹر لرنر نے کہا کہ حملے میں جان نقصان ہوا ہے تاہم انہوں نے اس کی وضاحت نہیں کی۔

لبنان کی مزاحمت کار جماعت حزب اللہ نے اپنے ٹی وی چینل المنار پر ویڈیو پیغام میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں اسرائیلی فوجی قافلے میں شامل 9 گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیابیان میں کہا گیا حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کی نو گاڑیوں کو نشانہ بنایا جس میں بڑی تعداد میں فوجیوں کی ہلاکت ہوئی اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ فوجیوں کو اغوا کرنے کی کوشش کی گئی یا نہیں۔

(جاری ہے)

آئی ڈی ایف نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک ٹینک شکن میزائل شمالی لبنان میں ایک فوجی گاڑی پر داغا گیا۔دوسری جانب حزب اللہ کے راکٹ حملے کے بعد اسرائیل نے سرحد کے قریب جنگی ٹینکوں کو تعینات کردیا جب کہ صیہونی فوج کی جوابی کارروائی کے بعد لبنانی سرحد کے قریب دھواں فضاوٴں میں بلند ہوتا دیکھا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے داغے گئے 35 گولے جنوبی لبنان میں سرحد کے قریب زرعی زمینوں پر گرے۔

ایک علیحدہ واقعے میں بدھ کے روز ایک مارٹر بم اسرائیلی فوجی چوکی کو نشانہ بناتے ہوئے داغا گیا۔اسرائیلی فوج نے کسی زخمی کی تصدیق نہیں کی اور کہا کہ عام شہریوں کو اس علاقے سے نکالا جا رہا ہے۔ادھر اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ ہم اس حملے کا طاقت سے جواب دیں گے۔ وزیراعظم بن یامن نتن یاہو نے ٹویٹ کی کہ ’اس وقت آئی ڈی ایف نے شمال میں ہونے والے واقعات کا جواب دیا ہے۔

ہم دہشت گردوں کو اپنے شہریوں کی زندگیوں اور اْن کی سلامتی سے کھیلنے نہیں دیں گے۔ ہم ان کا بھرپور قوت سے جواب دیں گے جو ہمیں چیلنج کریں گے متولہ کے رہائشیوں کو حکم دیا گیا کہ وہ اس علاقے میں تلاشی کی کارروائی کے دوران گھروں پر رہیں۔ دوسری جانب اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان سرحدی تصادم کے نتیجے اس کا ایک امن فوجی ہلاک ہو گیا ہے اقوامِ متحدہ نے اس ساری صورت حال میں مزید کشیدگی سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ تحمل‘پر زور دیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ترجمان انڈریا تنیتی نے تصدیق کی کہ اقوامِ متحدہ کے ایک عبوری فورس کے رکن خطے میں تصادم کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اس فوجی کی ہلاک کرنے والی گولی کے ذمہ داروں کے بارے میں نہیں جانتے۔تنیتی نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی فورس کے کمانڈر میجر جنرل لوچیانو لورتولانو دونوں جانب کے ساتھ بہتر تعلقات میں ہیں اور انہیں تحمل کا مظاہرہ کرنے کا کہہ رہے ہیں اور کشیدگی میں کسی قسم کے اضافے سے روک رہے ہیں۔واضح رہے کہ 18 جنوری کو اسرائیل کی جانب سے لبنانی سرحد کے قریب راکٹ حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک ایرانی جنرل اور حزب اللہ کے کئی ارکان جاں بحق ہوگئے تھے۔