مہران یونیورسٹی ٹیچرز ایسو سی ایشن (میوٹا) کی طرف سے یونیورسٹی کے غریب اور مستحق طلبہ و طالبات کو اسکالر شپ دینے کی تقریب

بدھ 28 جنوری 2015 23:27

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) مہران یونیورسٹی ٹیچرز ایسو سی ایشن (میوٹا) کی طرف سے یونیورسٹی کے غریب اور مستحق طلبہ و طالبات کو اسکالر شپ دینے کی تقریب حاجی محمود سینیٹ ہال میں ہوئی، اسکالر شپ کمیٹی کے سیکریٹری ارشد علی میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہران یونیورسٹی کے اساتذہ کی جانب سے ہر ماہ تنخواہوں سے یہ اسکالر شپ غریب اور ہوشیار طلبہ کو دینے کا فیصلہ گذشتہ سال وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی کی تجویز پر کیا گیا اور آج ایک سال کے بعد ہم 24مستحق طلبہ کو 15تا 22ہزار تک سالانہ فیس کی مد میں انفرادی اسکالر شپ دے رہے ہیں جو کہ ہر سال مستحق طلبہ کو دی جائیگی، وی سی ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے کہا کہ فی استاد 100روپیہ دیتا ہے اور ہر سال میں 4لاکھ سے زیادہ رقم مستحق طلبہ کو دی جاتی ہے یہ ایسا ہے جیسے قطرہ قطرہ دریاء بن جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ اسکالر شپ میرٹ کی بنیاد پر ضرورت مند طلبہ کو دی جاتی ہے میں اساتذہ سے گذارش کروں گا کہ یہ ایک سو روپیہ سے بڑھا کر دو سو روپیہ ہر ماہ دیں تا کہ ہم اور زیادہ طلبہ کی مالی مدد کرسکیں، اس موقع پر مستحق طلبہ و طالبات کو اسکالر شپ کے چیک دیئے گئے، تقریب میں رجسٹر ار مہران یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی اور کمیٹی کے کنوینر پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی، ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل الیکٹرانکس اینڈ کمپیوٹر سسٹم انجنئیرنگ پروفیسر ڈاکٹر بھوانی شنکر چوہدری ، ڈین فیکلٹی آف سائنس ٹیکنالوجی اینڈ ہیومنٹیز پروفیسر ڈاکٹر پیر روشن الدین شاہ راشدی ، ڈاکٹر بخشل لاشاری بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :