متحدہ عرب امارات میں آن لائن فراڈئیے سرگرم۔ لوگوں کو دانہ ڈالنا شروع کردیا

جمعرات 29 جنوری 2015 11:07

متحدہ عرب امارات میں آن لائن فراڈئیے سرگرم۔ لوگوں کو دانہ ڈالنا شروع ..

متحدہ عرب امارات (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جنوری2015ء)متحدہ عرب امارات میں فراڈیوں نے بنک کے کھاتہ داران کو دانہ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔متحدہ عرب امارات کے ایک بنک کے مطابق ان کے کھاتہ داران کو ایسی ای میل بھیجی جا رہی ہیں جن میں تصدیق کےنام پر ذاتی معلومات مانگی جاتی ہے۔ یواے ای کے تمام بنک اس حوالے سے اپنے کھاتہ داران کوبھی مطلع کر رہے ہیں کہ کسی بھی صورت اپنی ذاتی یا اکاؤنٹ کی معلومات کسی کو نہ دیں۔

انٹرنیٹ پر فراڈ کرنے والے بنک کےکھاتہ داران کو بنک کے اصل ای میل آئی ڈی سے ملتے جلتے آئی ڈی سے ای میل بھیجتے ہیں جس کا اسلوب بالکل ویسا ہی ہوتا ہے جیسی بنک کی طرف سے بھیجی گئی اصل ای میل ہو ۔ اس ای میل میں صارف کو دئیے گئے لنک پر کلک کر کے لاگ ان ہونے کاکہاجاتا ہے۔

(جاری ہے)

لنک پر کلک کرنے سے بالکل ویسا ہی صفحہ کھلتا ہے جیسا اصل بنک کی ویب سائٹ کا ہوتا ہے ۔

جعلی صفحے پر لاگ کی معلومات درج کر کے کوئی لاگ ان تو نہیں ہوتا مگر لاگ ان کی معلومات فراڈیوں کے پاس چلی جاتی ہیں جو ان کی مدد سے کھاتہ داران کے اصل بنک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں ۔ بنک کے کھاتہ داران کو چاہیے کہ کسی بھی بنک کی ویب سائٹ کھولنے کے لیے کسی لنک پر کلک کرنے کی بجائے خود سے ایڈریس بار میں بنک کا یوآر ایل لکھ کر لاگ ان ہوں۔