ورلڈ کپ: پاک،بھارت ہندوستان میچ پہلی بار ٹنڈولکر کے بغیر کھیلا جائیگا

جمعرات 29 جنوری 2015 11:12

ورلڈ کپ: پاک،بھارت ہندوستان میچ پہلی بار ٹنڈولکر کے بغیر کھیلا جائیگا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29۔جنوری 2015ء ) کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان، ہندوستان کے میچ سے زیادہ دلچسپ اور سنسنی خیز میچ کوئی اور ہو ہی نہیں سکتا، جہاں دونوں ملکوں کے شائقین سانس روکے ہر ایک لمحہ تجسس میں مبتلا رہتے ہیں کہ جانے اگلے پل میچ کا پانسہ کس طرف پلٹ جائے۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکرپاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہونیوالے میچ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

گزشتہ 23 سالوں کے دوران ہونیوالے پانچ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کیلئے ہندوستان کو ہرانا مشکل ثابت ہوا کیوں کہ لٹل ماسٹر بھارتی ٹیم کا حصہ ہوا کرتے تھے لیکن رواں برس آسٹریلوی شہر ایڈیلیڈ کے اوول سٹیڈیم میں جب پاکستان اور انڈیا کا آمنا سامنا ہوگا تو یہ اس لحاظ سے مختلف ہوگا کہ اب ٹنڈولکر بھارتی ٹیم کا حصہ نہیں رہے۔

(جاری ہے)

4 مختلف ملکوں میں ہونیوالے گزشتہ 5 ورلڈ کپ میں پاکستان کیخلاف کھیلے گئے میچوں میں سے تین میں ٹنڈولکر نے سب سے زیادہ سکور کیا۔

پاکستان کیخلاف 1992 ء میں سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں ٹنڈولکر نے 54 رنز بنائے، 2003 ء میں سنچورین میں 98 جبکہ 2011 ء میں موہالی میں ہونیوالے سیمی فائنل میں انھوں نے 85 رنز سکور کیے۔مجموعی طور پر ان میچوں میں لٹل ماسٹر نے سنچری کیے بغیر 313 رنز بنائے۔16 سال کی عمر میں کرکٹ کیریئر شروع کرنیوالے لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر 24 برس تک کرکٹ کی دنیا میں ایک معتبر حوالے کیساتھ موجود رہے۔ٹنڈولکر نے 200 ٹیسٹ، 463 ون ڈے اور 1ٹی ٹونٹی میچ میں ہندوستان کی نمائندگی کی اور مجموعی طور پر 34 ہزار سے زائد رنز بنائے۔کرکٹ مبصرین ٹنڈولکر کو ویسٹ انڈیز کے معروف بیٹسمین سر ویوین رچرڈ اور لیجنڈری سر ڈان بریڈمین کے ہم پلہ کھلاڑی قرار دیتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :