آئی سی سی نے فاسٹ باؤلر محمد عامر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدی

جمعرات 29 جنوری 2015 11:52

دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نے فاسٹ باؤلر محمد عامر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدی ہے ‘ محمد عامر پابندی کے خاتمے کے بعد قومی کرکٹ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے اہل ہوں گے تفصیلات کے مطابق آئی سی سی بورڈ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہر یار خان نے محمد عامر پر عائد پابندی اٹھانے کی درخواست کی جس پربورڈنے تمام شواہد کی موجودگی کے بعد عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی ہے آئی سی سی کے انٹی کرپشن قوانین میں تبدیلیوں کے بعد کرکٹ کی عالمی تنظیم نے انھیں اجازت دے دی ہے کہ وہ فوری طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر انتظام منعقد ہونے والے کرکٹ کے مقابلوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔

، چیئرمین پی سی بی نے اجلاس میں بتایا کہ محمد عامر کی ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا اور اس کے بعد ان کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے پر غور کیا جائیگاواضح رہے کہ سپاٹ فکسنگ کیس میں محمد عامر پر 2010 میں 5 سال تک کرکٹ کھیلنے کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ محمد عامر 2010 میں لارڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے دوران دیگر دو ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ اسپاٹ فکسنگ کے الزامات ثابت ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے 3 ماہ برطانیہ کی جیل میں سزا بھی کاٹی تھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2011 میں ان پر 5سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

محمد عامر اور آصف کے ساتھ ساتھ اس وقت کے قومی ٹیم کے سلمان بٹ پر 2010 میں دورہ انگلینڈ کے دوران لارڈز ٹیسٹ میں الزام عائد کیا گیا تھا انہوں نے جان بوجھ کر پیسوں کیلئے نوبال کیں۔آئی سی سی نے 2011 میں ان پر پابندی عائد کردی تھی تاہم پابندی لگانے والے جج نے اس قانون پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی سے اس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا۔اسپاٹ فکسنگ الزامات ثابت ہونے پر عامر پر پانچ سال، سلمان بٹ پر دس سال اور آصف پر سات سال پابندی لگائی گئی تھی جبکہ تینوں کو جیل کی ہوا بھی کھانی پڑی تھی۔پی سی بی کی جانب سے گزشتہ سال آئی سی سی سے درخواست کی گئی تھی کہ محمد عامر پر لگائی جانے والی پابندی میں نرمی کر کے ان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے۔

متعلقہ عنوان :