اسرائیلی فوجی قافلے پر جان لیوا حملے کے ذمہ داروں کو اپنے کیے کا نتیجہ بھگتنا ہوگا ‘نیتن یاہو

جمعرات 29 جنوری 2015 12:45

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء)اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ لبنان سے متصل سرحدی علاقے میں اسرائیلی فوجی قافلے پر جان لیوا حملے کے ذمہ داروں کو اپنے کیے کا نتیجہ بھگتنا ہوگا۔ ایک روز قبل متنازع شیباعہ کے علاقے میں ایک فوجی گاڑی پر ٹینک شکن میزائل سے حملے میں چار اسرائیلی فوجی ہلاک اور سات زخمی ہوئے تھے بعض میڈیا کے مطابق 15فوجی مارے گئے تھے اسرائیلی وزیرِ اعظم نے سکیورٹی امور پر ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو کوئی بھی اس حملے کے پیچھے ہے، اسے اس کی پوری قیمت چکانا ہوگی۔

کچھ عرصے سے ایران، گولان کے پہاڑی علاقے میں حزب اللہ کے ذریعے ہمارے خلاف ایک اور دہشت گرد محاذ کھولنے کی کوششیں کر رہا ہے جس کے خلاف ہم سخت اور ذمہ دارانہ کارروائی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے لبنان اور شام کو بھی اس حملے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ لبنانی حکومت اور شامی صدر بشار الاسد پر بھی ایسے حملوں کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے جو ان کے علاقوں سے ہورہے ہیں۔

ان تمام واقعات کی صورت میں ہمارا مقصد اسرائیلی کی ریاست کا دفاع کرنا اور اسرائیلی ریاست اور شہریوں کی سلامتی ہے۔ اس لیے ہم نے کارروائی کی اور کارروائیاں کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنی گماشتہ دہشتگرد تنظیم حزب اللہ کے ذریعے اس حملے کا براہ راست ذمہ دار ہے۔ ایران اور دہشتگرد جنوبی شام میں ایک نیا دہشت گرد اڈہ قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ویسے ہی جیسا لبنان میں ہے۔ یہ وہی ایران ہے جو پوری دنیا میں دہشتگردوں کی مدد کرتا ہے جو جوہری طاقت بننے کی کوشش کررہا ہے۔ اپنی سرحدوں کے دفاع اور لوگوں کے تحفظ کے لیے ہمیں جو کرنا پڑا ہم کریں گے۔دوسری طرف غزہ میں حماس کے ترجمان سمیع ابْو زہری نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج پر یہ حملہ جائز تھا حماس حزب اللہ کے اسرائیلی جرائم کا جواب دینے کے حق کی توثیق کرتی ہے۔ شمال میں قابض فورسز اپنے کیے کی قیمت ادا کر رہی ہیں بالکل ویسے ہی جیسے انہوں نے اس سے قبل نیتن یاہو کی بیوقوفی کی وجہ سے غزہ میں اس کی قیمت ادا کی۔