کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیلئے اتفاق رائے کا گھن چکر بھارتی لابی کے چند گنے چنے مفاد پرست عناصر نے ڈال رکھا ہے‘ عبدالباسط

جمعرات 29 جنوری 2015 13:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے اتفاق رائے کا گھن چکر بھارتی لابی کے چند گنے چنے مفاد پرست عناصر نے ڈال رکھا ہے،حکومت اس چکر سے نکلے اور آبی ماہرین کی مشاورت سے بڑے ڈیم پر ریفرینڈم کی داغ بیل ڈالے منفی پرو پیگنڈے کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی۔ ایک بیان میں ممتاز صنعتکار اور پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان جب بھی اپنی بقا و احترام کے لیے کوئی بڑا قدم اٹھانے لگتا ہے بعض عالمی طاقتیں اور ان کے آلہ کار شور مچانے لگتے ہیں۔

ایٹمی دھماکہ کرنے اور ایٹمی طاقبت بننے سے قبل انہی طاقتوں اور ان کے حاشیہ برداروں نے عالمی امن تباہ ہونے کے اندیشوں کے شور سے پاکستان پر خوف کا ماحول طاری کرنے کی کوشش کی لیکن محمد نواز شریف نے ایسی دھمکیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے عوام کی آواز پر لبیک کہا ۔

(جاری ہے)

دھماکا کیا اور پاکستان کا نام ہمیشہ کے لیے سر بلند کر دیا۔ عبدالباسط نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم پاکستان کی خوشحالی کا ضامن منصوبہ ہے جس کی تعمیر پاکستانی عوام کا حق ہے۔

امریکہ بھارت کو مضبوط و طاقتور بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتا ۔ امریکی صدر بارک اوباما کے حالیہ دورہ کے دوران دونوں ملکوں کے مابین بھاری بھرکم معاہدوں کے ذریعے بھارت کا دماغ آسمان تک پہنچا دیا گیا ہے اس لیے نواز شریف اس ڈیم پر کام شروع کرائیں رہتی دنیا تک پاکستان خوشحال اور وزیر عظم پاکستان کا کارنامہ چمکتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :