بیٹے نے حق اور سچ کی راہ اختیار کی ،مجھے اس پر فخر ہے ‘ شہید کے والد کی گفتگو

جمعرات 29 جنوری 2015 13:55

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) مقبوضہ کشمیر میں منگل کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیو الے کشمیری نوجوان عابد خان کے والد نے کہاہے کہ ان کے بیٹے نے حق اور سچائی کی راہ اختیار کی اور انہیں اپنے بیٹے پر فخر ہے۔ عابد خان کو بھارتی فوجیوں نے ترال کے علاقے ہنڈوارہ میں ایک فوجی کرنل سمیت تین اہلکاروں کے قتل کے بعد ایک جھڑپ میں شہید کر دیا تھاعابد کے والد جے ڈی خان جوکشمیر پولیس میں ہیڈ کانسٹیبل ہیں اورانکے اہلخانہ نے کہاکہ انہیں اپنے بیٹے کے قتل پر کوئی افسوس نہیں ہے کیونکہ یقین ہے کہ وہ حق اور سچائی کی راہ پر تھا اور ہر کسی کوشہادت کیلئے نہیں چنا جاتا۔

نوجوان کے والد نے کہاکہ وہ بیٹے کی شہادت پر اللہ کے شکرگزار ہیں ۔ عابد کے بھائی کہاکہ وہ ایک ذہین طالب علم تھا جس نے متعدد ایوارڈ حاصل کر رکھے تھے اور ترال کالج میں بی اے کر رہا تھا ۔

(جاری ہے)

ادھر جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے ترجمان کے مطابق تنظیم کی سینٹرل کونسل کے اجلاس میں شہیدنوجوانوں کی شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش، حریت رہنما شبیراحمد ڈاراورمحازآزادی کے صدرمحمد اقبال میر نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انکے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک عظیم مقصد کی خاطر اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں اور نوجوانوں کاگرم گرم لہو ہرگزرائیگاں نہیں جائے گا۔

حریت رہنماؤں نے کہا کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے تحریک آزادی کو دبانے میں کامیاب ہو گا۔مسلم دینی محاذ کے ترجمان نے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری نوجوان اپنا گرم گرم لہو دیکر اپنا آج قوم کے مستقبل پر قربان کر رہے ہیں۔ تحریک کشمیر کے صد رعبدالعزیز ڈار نے سرینگر میں ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کا خون ہر گزرائیگاں نہیں جائے گا۔

دریں اثنا عبدالرشید ڈار، سجاد ایوبی اور طارق احمد گنائی پر مشتمل جموں وکشمیر مسلم لیگ کے ایک وفد نے ترال جاکر عابد احمدخان اور شیراز احمد کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ وفد نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیوں کی بدولت جموں وکشمیر بھارت کے جابرانہ تسلط سے ایک روز ضرور آزاد ہو گا۔

متعلقہ عنوان :