Live Updates

گورنر پنجاب چوہدری سرور اپنے عہدے سے مستعفی‘ تحریک انصاف میں شمولیت کا امکان

جمعرات 29 جنوری 2015 14:08

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جس کے بعد قوی امکان ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلیں گے‘ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب کے پاکستانی سیاست کے حوالے سے تحفظات تھے اور وہ موجودہ سسٹم سے قطعی طور پر خوش نہیں تھے اور یہی وجہ تھی کہ وہ بہت سے فورمز پر اس بات کا برملاء اظہار بھی کرچکے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر نے اپنے استعفے کا فیصلہ چند روز قبل کیا تھا اور باضابطہ طور پر انہوں نے اپنا استعفیٰ گذشتہ شب وفاقی حکومت کو بھیجا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ گورنر پنجاب نے امریکی صدر باراک اوباما کے دورہ بھارت پر یہ بیان دیا تھا کہ امریکی صدر کی جانب سے پاکستان کا دورہ نہ کرنا ہماری سفارتی ناکامی ہے جس سے وفاقی حکومت نے ناراضگی کا اظہار بھی کیا تھا دوسری طرف یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری جب سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد وطن واپس آئے تھے تو انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی بجائے صرف چوہدری سرور کیساتھ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں اس وقت بھی گورنر نے یہ بیان دیا تھا کہ حکومت کو ماڈل ٹاؤن میں اس قسم کا ایکشن نہیں لینا چاہئے تھا جس پر وفاق نے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا اور انہیں محتاط رہنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری محمد سرور (ن) لیگ کی حکومتی پالیسیوں سے کافی حد تک متفق نہیں تھے کیونکہ ان کا موقف تھا کہ عوام کو ریلیف دیا جائے‘ ان کی داد رسی کی جائے اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کئے جائیں اس کے باوجود حکومت کی جانب سے سردمہری دکھائی جاتی رہی جس کے باعث گورنر پنجاب کافی مایوس دکھائی دے رہے تھے اور کئی مرتبہ اس بات کا اظہار بھی کیا کہ وہ برطانیہ سے پاکستانی عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے آئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کے قوی امکانات پیدا ہوگئے ہیں ۔ جمعرات کے روز چوہدری محمد سرور کے مستعفی ہونے کی خبر میڈیا پرنشر ہونے کے بعد ملک کے نامور تجزیہ نگاروں نے اپنا تجزیہ دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری محمد سرور مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں سے نالاں تھے اور وہ ایک حقیقت پسند انسان ہیں جبکہ چوہدری محمد سرور عمران خان کے فین بھی ہیں اس لئے اب ان کے زیادہ تر تحریک انصاف میں شمولیت کے قوی امکان ہیں۔ ذرائع کے مطابق چوہدری سرور نے اپنا استعفیٰ وفاق کو ارسال کردیا ہے اور نیا گورنر کون ہوگا؟ اس پر پنجاب اور وفاق میں مشاورت کا آغاز کردیا گیا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات