مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے والا بھارت سلامتی کونسل کا مستقل رکن نہیں بن سکتا ‘پاکستان

جمعرات 29 جنوری 2015 15:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے والا بھارت سلامتی کونسل کا مستقل رکن نہیں بن سکتا ‘سلامتی کونسل میں مستقبل ارکان کی تعداد میں اضافے سے طاقت کے نئے مراکز قائم ہوں گے ادارہ مزید غیر جمہوری ہوجائیگا ‘بھارت کا سالانہ دفاعی بجٹ 38 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ‘امریکا بھارت دفاعی تعاون خطے میں اسٹریٹجک توازن کیلئے خطرہ کے باعث بنے گا ‘پاکستان دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ‘عالمی برادری دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکمت عملی وضع کرے ۔

ترجمان دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سلامتی کونسل کی اصلاحات کی حمایت کی ہے تاہم یہ اصلاحات اقدام متحدہ کی رکنیت رکھنے والے ممالک کے مفادات کی عکاس ہونی چاہئیں، سلامتی کونسل میں مستقبل ارکان کی تعداد میں اضافے سے طاقت کے نئے مراکز قائم ہوں گے اور یہ ادارہ مزید غیر جمہوری ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

بھارت کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ ایسی صورت میں بھلا وہ کیسے سلامتی کونسل کا مستقل رکن بن سکتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کا کردار اہم ہے، بھارت گزشتہ 3 برسوں سے دنیا میں روایتی ہتھیاروں کا سب سے بڑا خریدار ہے اور اس کا سالانہ دفاعی بجٹ 38 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے ایسی صورت میں امریکا بھارت دفاعی تعاون خطے میں اسٹریٹجک توازن کیلئے خطرہ کے باعث بنے گا۔

چین ایک عالمی طاقت ہے اور علاقائی استحکام کے لئے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے اور ہم چین کے ساتھ گہرے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ بین الاقوامی برادری کو بھی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایسی ہی حکمت عملی وضع کرنی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجما ن نے کہاکہ چین کے صدر پاکستان آرہے ہیں تاہم ابھی تاریخ طے نہیں ہوئی۔