اسلامی یونیورسٹی، ”قرآن و سنت کی روشنی میں جادو کی حقیقت “کے موضوع پر لیکچر کا انعقاد

جمعرات 29 جنوری 2015 16:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے مرکز دعوة برائے خواتین کے زیر اہتمام بدھ کے روز ”جادو کی حقیقت قرآن و سنت کی روشنی میں“ کے موضوع پر ایک لیکچر کا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر کلیدی خطبہ مہمان مقرر ڈاکٹر کنول قیصر نے دیاجبکہ لیکچر میں انچارج مرکز دعوہ برائے خواتین شگفتہ عمر، مرکز کی دیگر عہدیداروں ،جامعہ کی طالبات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر کنول قیصر نے کہاکہ بہت سے ایسے مریض ہوتے ہیں جنات کی بیماریوں کو جن یا جادو کا اثر سمجھا جاتاہے حالانکہ ہر بیماری کو جادو ٹونا نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ اس بیماری کے سپیشلسٹ معالج سے فی الفور رابطہ کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جادو ٹونے سے بچنے کے لیے صبح و شام اذکار کا اہتمام کیا جائے کیونکہ قرآن کریم میں تمام مشکلات کا حل موجود ہے ۔ شرکاء کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جنات کا وجود حقیقت ہے اور اس کا ذکر قرآن کریم میں بھی ہے لیکن خدا تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور انسان کو وسوسوں سے اپنے آپ کو دور رکھنا چاہیے جبکہ اس کا بہترین ذریعہ کلام الٰہی ہے یعنی اذکار پر خصوصی توجہ دی جائے۔