ڈی سی او بہاولنگرتجاوزات کے خاتمے کیلئے ایک دن کی ڈیڈلائن دیدی

جمعرات 29 جنوری 2015 16:17

منچن آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء )ڈی سی او بہاولنگر محمد خضر افضال چوہدری نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے ٹی ایم اے بہاولنگر کو خصوصی مہم چلانے کی ہدایت کر دی۔ 31 جنوری کو منچن آباد روڈ پر ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگراور ٹی ایم اے کا انکروچمنٹ اسکارڈ تجاوزات کو ختم کروائیں گے اور اس موقع پر انہیں محکمہ پولیس کی معاونت بھی دی جائے گی۔

اس امر کا فیصلہ آج ڈی سی او آفس میں محمد خضر افضال چوہدری کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر عبدالفتاح ہولیو، ڈی او سی، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے، ڈی ایس پی ٹریفک اور ٹی ایم کے افسران نے شرکت کی۔ ڈی سی او نے اجلاس میں ہدایت کی کہ کرمانوالہ چوک پر ٹرکوں کی غیر قانونی پارکنگ کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور اس کے لیے بھاری جرمانے اور چلان کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کرمانوالہ چوک پر گرین بیلٹس بنانے اور ناجائز ہوٹلز ، کھوکھا جات اور دیگر تجاوزات کو بھی فی الفور ختم کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منچن آباد روڈ پر مویشی منڈی کا راستہ وائلڈ لائف پارک روڈ سے ہو گا۔ اور ٹرکوں کو بھی اپنے اڈوں کے اندر محدود کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹی ایم اے ایک ہفتے کے اندر نیو جنرل بس اسٹینڈ پر پینے کے پانی ، مسافروں کے لیے نشستیں اور بجلی کی فراہمی کے لیے اقدامات کرے گا۔

تاکہ شہر سے اڈوں کو بھی باہر منتقل کیا جائے۔ اجلاس میں ایک سب کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو کرمانوالہ چوک کی خوبصورتی کے لیے 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کر ے گی ۔ جس کی روشنی میں فوری طور پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ بعد ازاں ڈی سی او بہاولنگر محمد خضر افضال چوہدری نے متعلقہ افسران کے ہمراہ منچن آباد روڈ اور کرمانوالہ چوک کا دورہ کیا اور موقع پر ہی افسران کو ہدایات جاری کیں۔