عامر کیس ‘ ایک مجرم کو دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ ایڈجسٹ کر نا آسان نہیں ہوگا ‘ توقیر ضیاء

جمعرات 29 جنوری 2015 16:20

عامر کیس ‘ ایک مجرم کو دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ ایڈجسٹ کر نا آسان نہیں ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیاء نے سابق فاسٹ باوٴلر محمد عامر کی عالمی کرکٹ میں واپسی کے امکانات پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مجرم کو دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ ایڈجسٹ کر نا آسان نہیں ہوگا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے توقیر ضیاء نے کہا کہ عامر کی واپسی سے ساتھی کھلاڑیوں کیلئے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں کیونکہ ایک مجرم کے ساتھ ایڈجسٹ کرنا آسان نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی مجرم کو پاکستان کی نمائندگی کا حق نہیں ملنا چاہیے۔توقیر ضیاء نے دعویٰ کیا کہ عامر نے ایک تقریب میں ان سے ملاقات کی کوشش کی تھی تاہم انہوں نے انکار کر دیا۔تقریب کے دوران میں نے مشاہدہ کیا کہ عامر نے پابندی سے کچھ نہیں سیکھا۔توقیر نے الزام لگایا کہ پی سی بی اور آئی سی سی نے عامر کے ساتھ سازگار رویہ رکھا جبکہ سلمان بٹ اور محمد آصف کو نظر انداز کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اگر عامر کو عالمی کرکٹ میں واپس آنے کی اجازت دینی ہے تو ماضی میں اسی جرم کی سزائیں پانے والے سلیم ملک اور عطا الرحمان کو بھی اجازت ہونا چاہیے۔