افغانستان‘ ٹریفک حادثے اور مختلف پرتشدد واقعات میں 43 افراد ہلاک‘ متعدد زخمی

جمعرات 29 جنوری 2015 16:51

کابل(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) افغانستان میں ٹریفک حادثے اور پرتشدد واقعات میں 18 طالبان سمیت 43 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ صوبہ زابل میں بس اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال میں داخل کرادیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت کے ترجمان شفیق تانگ نے بتایا کہ صوبہ غزنی کے علاقے گردیزی میں بڑی تعداد میں طالبان نے سکیورٹی چوکی پر حملہ کیا۔ اس موقع پر فریقین میں شدید جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں 18 طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء صوبہ لغمان میں دو مختلف بم دھماکوں میں 5 افراد ہلاک اور 3 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔