امریکہ افغانستان،بھارت کشمیر میں مجاہدین کے ہاتھوں عبرتناک شکست کھاچکے، کامیاب نہیں ہونے دینگے،سربراہ انصار الامہ

جمعرات 29 جنوری 2015 16:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) انصار الامہ کے مرکزی امیر مولانافضل الرحمن خلیل نے کہاہے کہ امریکہ افغانستان اور بھارت کشمیر میں مجاہدین کے ہاتھوں عبرتناک شکست کھاچکے، پٹے ہوئے مہرے متحد ہوکر خطے میں نیا کھیل کھیلنا چاہتے ہیں جو کامیاب نہیں ہونے دینگے، بھارت کو سلامتی کونسل حمایت پر اوباما و امریکہ کی مسلم دشمنی کھل کر سامنے آگئی، حزب اللہ کا اسرائیلی فوج پر حملہ قابض صہیونی ریاست سے فلسطینی بچوں کے قتل کا بدلہ اور واضح پیغام ہے کہ مسلمانوں کا جذبہ ایمانی و جہاد بدرجہ اتم موجود ہے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کو مرکز انصار الامہ میں آنے والے تنظیمی عہدیداروں و علماء کرام کے وفود کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انصارالامہ کے امیر نے کہاکہ کشمیر میں بھارت کی شکست نوشتہ دیوار بن چکی ہے مسلمانوں کے قاتل مودی کے پیچھے اوباما اور دنیا بھر کے یہودی بھی کھڑے ہو جائیں تو اسے مقبوضہ کشمیر میں عبرتناک شکست سے نہیں بچاسکیں گے ۔

(جاری ہے)

اوباما کو مودی پر دباؤ ڈالنا چاہیے تھاکہ مقبوضہ کشمیر میں قتل عام بند کر کے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے مگر اوباما نے خطے میں قیام امن کی کوششوں کو ثبوتاژ کرتے ہوئے بھارت کو سلامتی کونسل کا مستقل رکن بنانے کی حمایت کا اعلان کرکے ہمیشہ کی طرح پاکستانیوں کو دھوکہ دیا ہے ۔ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ امریکہ بھارت کا گٹھ جوڑ خطے کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں نام نہاد جمہوریت کے دعویداروں نے ایک کروڑ سے زائد کشمیری عوام کو بندوق کی نوک پر غلام اورکشمیری مسلمانوں کے حقوق غصب کر رکھے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ وقت آگیاہے کہ پاکستان کی قومی پالیسی میں کشمیر کو اولین ترجیح دی جائے کیونکہ پاکستان سلامتی اور بقا کشمیر کی آزادی سے وابستہ ہے ۔ پاکستان کے غیور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور کشمیر کی آزادی کی تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ کشمیر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بے شمار قربانیاں دینے اور بچوں کے لاشے اٹھانے کے باوجود ہتھیار نہیں ڈالے ۔

وہ آج بھی پوری جرأت کیساتھ بھارت کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں ۔ امریکی آشیر باد بھارت کو کشمیر میں عبرتناک شکست سے نہیں بچاسکتی اور کشمیری عوام بھارت کے غرور کو خاک میں ملادیں گے۔انصار الامہ کے امیر نے مزید کہاکہ حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی فوج پر حملہ دراصل غاصب صہیونیوں کی جانب سے فلسطینی مسلمان بچوں کو شہید کیے جانے کا بدلہ ہے اور یہ عالمی استعماری طاقتوں کیلئے کھلا پیغام ہے کہ قوم میں جذبہ ایمانی و جذبہ جہاد بدرجہ اتم موجود ہے اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے والے قیامت تک موجود رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :